فرشتے نہیں آئینگے ، نئے سال کا آغاز بہتر کیا جائے :شیرافضل
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ سول نافرمانی کا اعلان 9 مئی اور 26 نومبر سے بڑا جرم ہے۔
دنیا نیوز کے پروگرام’’ٹونائٹ ود ثمرعباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹی پہلے بانی پی ٹی آئی نے تشکیل دی، اس کے جواب میں حکومتی کمیٹی بنائی گئی۔ دونوں سائیڈ سے اصولی موقف ہے نہ خوش دلی سے کمیٹیاں بنائی گئیں، ایسی کمیٹیاں نتیجہ خیزثابت نہیں ہوتیں۔ ان کاکہناتھاکہ سول نافرمانی ریاست دشمنی ہوتی ہے ، امریکا میں لابنگ فرم ہائرکی گئی۔حکومت پریشان نہیں ہے ، پہلے کہتے تھے ہم کوئی غلام ہیں، اب منت سماجت ہو رہی ہے ، جنہوں نے بانی کو آفر کی انہیں بے نقاب ہونا چاہئے ، جو آفر کیا جا رہا ہے اسے بھی پبلک ہونا چاہئے ۔انہوں الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اداروں کے اندر کچھ لوگ بھی سہولت کاری کر رہے ہیں، یہ ڈونلڈ ٹرمپ سے امیدیں لگائے بیٹھے ہیں، بانی پی ٹی آئی مذاکرات سے پہلے اپنی غلطیوں کی معافی مانگیں ۔ پی ٹی آئی رہنما شیرافضل مروت نے کہا ہے کہ خدا کرے 2025 پاکستان کیلئے خوشی کا سال ہو، فرشتے نہیں آئیں گے ، نئے سال کا آغاز بہتر کیا جائے ۔ مذاکرات صرف پی ٹی آئی کی ضرورت نہیں، مذاکرات کے ذریعے ہی ملک آگے بڑھے گا، عطا تارڑ کے منہ سے کبھی پازیٹو بات نہیں سنی، خواجہ آصف بھی تنقید کرتے رہتے ہیں۔ خواجہ سعد رفیق اور رانا ثنا اللہ کی بڑی مثبت تجاویز ہیں۔انہوں نے کہاکہ ڈی چوک نہ جانے پر بانی کی رہائی کی آفر ہوئی تھی، بانی کو جیل میں رکھنے سے پیپلز پارٹی اورن لیگ کو نقصان ہوا، نوازشریف دیکھیں کہ مذاکرات کا کون مذاق بنا رہے ہیں۔