کرم میں اسلحہ لینے کا کام آج سے شروع ہوگا:بیرسٹر سیف
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا خصوصاً کرم کے عوام اور عموماً پاکستان کی عوام مبارکباد کی مستحق ہیں کہ آج بڑا بریک تھرو ہے ،دنیا نیوز کے پروگرام مہربخاری کے ساتھ بیرسٹر سیف نے کہا فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کردئیے ، فریقین معاہدے کی پاسداری کو یقینی بنائیں گے۔
اب اسلحہ حکومت کے حوالے کیا جائے گا،بنکرز کو مسمار کیا جائے گا، اسلحہ لینے اور بنکرز ختم کرنے کاکام آج سے شروع ہوگا،اگر معاہدے کی خلاف ورزی ہوتی ہے اس کا طریقہ کار متعین کیا گیا ہے ، خلاف ورزی پر قبائلی روایات اور قانون کے مطابق کارروائی ہو گی،معاہدہ میں یہ بھی شامل تھا کہ اگر کسی بھی علاقے میں ناخوشگوار واقعہ رونما ہوا تو فریقین قانون میں ہاتھ میں نہیں لیں گے ، امن معاہدے پر دستخط سے معمولات زندگی جلد مکمل بحال ہوجائیں گے ، اب وہاں جلد راستے بھی کھل جائیں گے ، ہفتے کے دن پہلا قافلہ پاراچنار روانہ کریں گے جس میں خوراک، ادویات دیگر ضروری سامان بھیجیں گے ، ساتھ ساتھ لوگ بھی ہوں گے ،تاخیر کی وجہ بتاتے ہوئے مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ حکومت کی کوشش تھی کہ جلد معاہدہ ہوجائے ،لیکن اسلحہ حوالگی کے حوالے سے دونوں فریقین کو مسئلہ تھا، دونوں فریقین کے تحفظات دور کرنے میں وقت لگا،اب معاہد ہو گیا ہے ایک مستقل حل کی طرف پیش رفت ہوئی ہے ، جن زمینوں کی سیٹلمنٹ کا ریکارڈ ہے ان کی مالکان کو حوالگی ریکارڈ کے مطابق ہو گی،لینڈ کمیشن کو اختیار دے دیا گیا ہے ۔