اپنا گھر درست کرلیں تو کسی طرف سے خطرہ نہیں ،خواجہ آصف

 اپنا گھر درست کرلیں تو کسی طرف سے خطرہ نہیں ،خواجہ آصف

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے ہمارے ہمسائیوں کے تعلقات اچھے ہیں، افغان زمین ہمارے خلاف استعمال ہوتی ہے ، ہم افغانستان سے اچھے تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں،

 پاکستان کے دفاع کو صرف اندرونی خطرات ہیں لیکن اگر ہم اپنا گھر درست کرلیں تو کسی طرف سے کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا امریکا کی طرف سے میزائل پروگرام پر پابندی سے کوئی فرق نہیں پڑیگا کیونکہ کوئی ہمیں اپنے دفاع سے نہیں روک سکتا، ہم نے ماضی میں بھی مختلف چیلنجز کا مقابلہ کیا۔انہوں نے کہا میں حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا مخالف نہیں ہوں، ہمارے مخالفین کو چاہیے سیاسی لڑائی سیاست سے لڑیں ریاست پر حملہ آور نہ ہوں۔وزیر دفاع  نے کہا 9 مئی اور 26 نومبر کو ریاست کے گریبان پر ہاتھ ڈالا گیا، ہمارے بھی اسٹیبلشمنٹ سے اختلافات رہے لیکن کبھی ریاست مخالف اقدام نہیں اٹھایا۔ا نہوں نے کہا 9 مئی کو جن لوگوں نے فوجی تنصیبات پر حملے کیے ان کی فوٹیجز آچکی ہیں، تحریک انصاف بات چیت میں اپنے دو مطالبات سے پیچھے ہٹ چکی ہے ۔ خواجہ آصف نے انکشاف کیا افغان حکومت نے کالعدم ٹی ٹی پی کو افغانستان میں بسانے کے لیے 10ا رب روپے مانگے تھے میں نے ان سے کہا کہ آپ گارنٹی دیں ٹی ٹی پی واپس نہیں آئے گی اس پر وہ خاموش ہوگئے ۔ پی ڈی ایم حکومت بننے کے بعد میں افغانستان گیا تھا، افغان طالبان کے وزیر دفاع اور دیگر قیادت سے ملاقات ہوئی تھی۔انہوں نے کہا میں نے ان کو کہا تھا دہشت گردوں کو نہ روکا گیا تو ہم مجبور ہوجائیں گے پھر گلہ نہ کریں۔وزیر دفاع نے کہا میں اسمبلی میں تھا جب بریفنگ دی گئی ان کو بسانے کا فیصلہ بہتر ہے ،بانی پی ٹی آئی کا بیان تھا کہ 40 ہزار سے 45 ہزار لوگ آئیں گے ، اب یہ لوگ خیبر پختونخوا میں بیٹھے ہوئے ہیں، لوگوں کی جانیں جارہی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں