ٹرینوں کی بروقت آمدورفت، اقدامات اٹھائے جائیں:ریلوے کمیٹی
لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے )قائمہ کمیٹی کے چیئرمین ریلوے رائے حسن نوازکی زیر صدارت اجلاس، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کو ڈی ایس ریلوے حنیف گل نے لاہورڈویژن کی کارکردگی ،آپریشنل معاملات ودیگر شعبوں پربریفنگ دی۔
اس موقع پر قائمہ کمیٹی ممبران ابراراحمد، وسیم قادر ، ذوالفقار ستار بچانی ، رمیش لال، الیاس چودھری ، شاہ احد علی شاہ، جمال احسن خان، شفقت عباس،چیئرمین ریلویز مظہر شاہ ، سی ای او ریلویز عامر بلوچ و دیگر سینئر افسروں نے شرکت کی۔ قائمہ کمیٹی ممبران نے لاہور ریلوے سٹیشن، اولڈ ڈیزل لوکو موٹیوشیڈ کا بھی دورہ کیا اور سٹیشن پرسہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ریلوے سٹیشن پر پولیس ہیلپ لائن سنٹر اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت تیار ایگزیکٹو واش رومز میں صفائی اوراولڈ انجن شیڈ میں پی ایس او کے تعاون سے جدید فیول مینجمنٹ سسٹم لگانے کو سراہا۔چیئرمین قائمہ کمیٹی نے ریلوے حکام کو ٹرینوں کی بروقت آمدورفت یقینی بنانے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی۔ قائمہ کمیٹی ارکان کو مغلپورہ ورکشاپس اجلاس میں چیئرمین ریلویز نے پروکیورمنٹ ،ری پیئر اینڈ مینٹی ننس ،کوچز کی پریاڈک اوورہالنگ اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ فریٹ ویگنز کی تیاری سے آگاہ کیا ۔ مغلپورہ ورکشاپس کے ڈی ایس کاشف فاروق بٹ نے ورکشاپس کی کارکردگی پربریفنگ دی۔