ذوالفقار علی بھٹو کاآج 97واں یوم پیدائش ، تقریبات کا اہتمام
لاہور،کراچی (سپیشل رپورٹر ،سٹاف رپورٹر) سابق وزیر اعظم اور قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کی 97ویں سالگرہ آج منائی جارہی ہے ،اس موقع پر ملک بھر میں تقریبا ت کا اہتمام کیاجائے گا۔
لاہور میں پیپلز سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں دوپہر 3بجے سیمینار ہوگا اورکیک کاٹا جائے گا ۔ پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو 5جنوری 1928 کو سندھ کے شہر لاڑکانہ میں پیدا ہوئے وہ پاکستان کے وزیر خارجہ،وزیر اعظم اور صدر رہے ۔ذوالفقار علی بھٹو کو4اپریل 1979 کو پھانسی دیدی گئی وہ گڑھی خدا بخش میں دفن ہیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کو ان کے 97 ویں یوم پیدائش کے موقع پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک دوراندیش رہنما تھے ، جن کی میراث آج بھی پاکستان کو ایک مضبوط اور مساوی معاشرے کی تعمیر کی راہ دکھا رہی ہے ۔شہید ذوالفقار بھٹو جدید پاکستان کے معمار تھے ، انہوں نے اپنی زندگی عوام کو بااختیار بنانے اور ایک ترقی پسند و خود مختار قوم کی بنیاد رکھنے کیلئے وقف کر دی، ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ان کے مشن کو جاری رکھیں گے ۔