کوئٹہ پی بی 15:45پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ ووٹنگ،پیپلز پارٹی کی جیت بر قرار،ڈاکہ مارا گیا:جے یو آئی
کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی) بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 45 کوئٹہ کے 15پولنگ سٹیشن پر دوبارہ پولنگ کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے میر علی مدد جتک 6ہزار883ووٹ لیکر جیت گئے۔
پشتونخواملی عوامی پارٹی کے نصر اللہ بڑیچ دوسرے نمبر اور جے یوآئی کے عثمان پرکانی تیسرے نمبر پر رہے ۔اتوار کو بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 45کے 15پولنگ سٹیشنز پر الیکشن ٹربیونل کے حکم پر دوبارہ پولنگ ہوئی جسکے ریٹرننگ افسر نذیر احمد کے دستخط سے جاری کئے گئے فارم 47کے تحت حلقے میں کل 17752درست ووٹ ڈالے گئے ، 41ووٹ مسترد ہوئے ۔ پیپلز پارٹی کے امیدوارعلی مدد جتک 6883ووٹ لیکر کامیاب قرارپائے ،پشتونخوانیشنل عوامی پارٹی کے نصراللہ بڑیچ 4122جبکہ جے یوآئی کے میرعثمان پرکانی نے 3731ووٹ حاصل کئے ۔ ڈالے گئے ووٹوں کی شرح 35.36فیصد رہی۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ حلقہ پی بی 45میں عوامی مینڈیٹ کی فتح اور منفی سیاست کوشکست ہوگئی ۔ اب سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ وہ عوامی مینڈیٹ کا احترام کریں اور پیپلز پارٹی کو سریاب کے عوام کی خدمت کرنے کیلئے 5سال دیں ، حلقہ کے عوام کا ایک سال ضائع کرنے پرمذہبی اور قوم پرست جماعتوں کو معافی مانگ کرایک طرف ہوجاناچاہئے ۔ادھرجے یوآئی ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمٰن رفیق و دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ چوتھے نمبر پر آنے والے امیدوار کی جیت کو مسترد کرتے ہیں ۔ یہ جمہوریت کے ساتھ کھلا مذاق اور عوامی رائے پر ڈاکہ ہے ۔ اس طرح کے نتائج جمہوریت کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے کے مترادف ہیں ۔ جمہوری نظام کو یرغمال بنانے والے اور عوام دشمن عناصر حالات کی خرابی کے براہ راست ذمہ دار ہونگے ۔ جے یوآئی کے ساتھ دھوکہ دہی پر عوام اور کارکنان اپنے حق کیلئے میدان میں نکلنے کیلئے قائدین کے حکم کے منتظرہیں۔