کرم میں کئی گروپ ایسے جو امن نہیں چاہتے :بیرسٹرسیف
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے کہا ہے کرم میں جو پچھلے ماہ حالات رہے ہیں اس میں ہمیں بڑی ٹینشن رہی،وہاں لڑائیوں میں کافی لوگ جاں بحق ہوئے۔
دنیا نیوزکے پروگرام‘‘دنیا مہربخاری کے ساتھ’’میں گفتگو کرتے بیرسٹر سیف نے کہا جب امن معاہدہ ہوا تو یقیناً بڑا بریک تھرو تھا، وہاں کئی گروپ ایسے ہیں جو امن نہیں چاہتے ،ڈی سی کرم پر فائرنگ ہوئی ،یہ ان شرپسندوں کی حرکت ہے ،اس واقعہ کا ہونا انتظامیہ کی نااہلی نہیں ، وہاں خود موجود تھا،شرپسندوں نے اچانک حملہ کیا تھا، واقعہ کے بعد حالات پر فوری قابو پالیا تھا،یہ واقعہ نہیں ہونا چا ہئے تھا۔ دونوں فریقین کی مشاورت اور مذاکرات سے معاہدہ ہوا ، چھوٹے موٹے واقعات کا ہونا امن معاہدے پر اثر نہیں ڈالے گا۔ ڈی سی پر فائرنگ کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ امدادی قافلے کو روکا جائے ، ٹرک قریب ہی کھڑے ہیں، جیسے ہی کلیئرنس ملے گی قافلہ روانہ ہوجائے گا ، سکیورٹی کومزید بہتراورچیک پوسٹیں بنائی جارہی ہیں۔ صوبے میں پولیس اہلکاربھرتی کررہے ہیں ، نوجوانوں کونوکریاں دینگے ۔