شرمندگی سے بچنے کیلئے مطالبات لکھ کرنہیں دے رہے ،طلال
اسلام آباد(این این آئی)مسلم لیگ (ن)کے سینیٹر طلال چودھری نے کہا ہے کہ قومی ایشوز میں تو تحریک انصاف کے ایجنڈے پر کوئی چیز ہی نہیں، یہ شرمندگی سے بچنے کیلئے مطالبات تحریری طور پر نہیں دے رہے۔
جھوٹا بیانیہ بنانے میں پی ٹی آئی والے کمال لوگ ہیں، صدر علوی نے آرمی چیف کی سمری پر دستخط پہلے کیے اور بانی پی ٹی آئی سے پوچھا بعد میں تھا۔ ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے سینیٹرطلال چودھری نے کہاکہ پی ٹی آئی بیرون ملک وی لاگر کو ڈالر میں فنڈنگ کرتی ہے ۔ن لیگی سینیٹر نے کہا کہ عدالت جب مناسب سمجھے گی 190ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ سنا دے گی، پوچھنا یہ ہے کہ پی ٹی آئی کو اس کیس میں فیصلے سننے میں کیوں جلدی ہے ؟۔انہوں نے کہا کہ یہ جو تاثر دے رہے ہیں کہ کوئی ڈیل ہورہی ہے ، یہ تو کہتے تھے ہم حق چھین کر لیں گے ۔ن لیگی سینیٹر نے کہا کہ جنرل (ر) فیض کو جو چارج شیٹ ہوئی ہے ، اس نے پی ٹی آئی کی بنیاد ہلادی ہے ۔