محکمہ داخلہ پنجاب اسلحہ لائسنس برانچ کا پوراعملہ تبدیل

محکمہ داخلہ پنجاب اسلحہ لائسنس برانچ کا پوراعملہ تبدیل

لاہور(سیاسی نمائندہ،اے پی پی)محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے میں اسلحہ لائسنس، فروخت و مرمت کرنے کے عمل میں شفافیت کیلئے اسلحہ لائسنس برانچ کا پورا عملہ تبدیل کر دیا اور صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو بھی اسلحہ برانچ کا تمام عملہ تبدیل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

 محکمہ داخلہ نے ڈپٹی کمشنرز کو اس حوالے سے مراسلہ جاری کر دیا ۔ ترجمان محکمہ داخلہ نے بتایا کہ میرٹ کی بالادستی اور عوامی شکایات کے ازالے کیلئے اسلحہ برانچ کا عملہ تبدیل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ یہ اقدام اسلحہ برانچ کی کارکردگی اور احتساب کا عمل بہتر بنانے کیلئے اٹھایا گیا۔ مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام اضلاع کی اسلحہ برانچز میں ایک سال مکمل کرنے والے افسروں و عملے کوفوری تبدیل کیا جائے ۔ تبادلے ہر سال یقینی بنائے جائیں اور ابتدائی طور پر تمام عملہ تبدیل کر کے ایک ہفتے میں رپورٹ بھجوائی جائے ۔یاد رہے کہ محکمہ داخلہ نے اسلحہ لائسنس کے اختیارات پنجاب آرمز رولز 2023 کے تحت ڈپٹی کمشنرز کو منتقل کیے ہیں۔ ڈی سیز کو اسلحہ مرمت، لائسنس کی توثیق اور ڈوپلیکیٹ لائسنس کا اختیار دیا گیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں