مستحق افراد کیلئے 3 مرلے مفت پلاٹ سکیم، مریم نواز کا اعلان
لاہور،کالا شاہ کاکو،بہاولپور(اے پی پی ،نامہ نگار،خبرنگار)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مستحق اور نادار افراد کو3 مرلے کا مفت پلاٹ دینے کیلئے سکیم لانے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کالا شاہ کاکو میں زہرہ ہومز، مسکن راوی سکیم کا افتتاح کر دیا، وزیراعلیٰ نے 100 خاندانوں کو گھروں کے الاٹمنٹ لیٹرز اور چابیاں دیں۔ انہوں نے سکیم کے معیار اور سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کالا خطائی روڈ لاہور پر موضع نہرہ پور میں ابتدائی طور پر 100 مکانات تعمیر کیے گئے ہیں۔زہرہ ہومز میں ہر گھر 400 مربع فٹ پر محیط ہے ۔ زہرہ ہومز میں دو بیڈروم،ایک باورچی خانہ،ایک باتھ روم اور صحن شامل ہے ۔مسکن راوی ہاؤسنگ سکیم روڈا اور ای پی ایس سولوشنز پاکستان کی مشترکہ کاوش ہے ۔تقریب میں نواز شریف کی خدمات اور پراجیکٹس پر ڈاکومنٹری پیش کی گئی۔ صوبائی وزیر ہائوسنگ بلال یاسین نے بھی خطاب کیا۔ مریم نوازشریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ 100مستحق خاندانوں کو اپنی چھت اور اپنا گھر مل گیا۔زہرہ ہومز مسکن راوی کوڈھائی ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کرنے پر روڈا اور وزارت ہاؤسنگ کو شاباش دیتی ہوں۔جن کو گھر ملا ہے ان کو دیکھ کر تسلی ہے کہ مستحق اور حقدارکو اس کا حق ملا۔وزیر اعلیٰ نے کہاجب معاشی ترقی کی بات ہوتی ہے تو نوازشریف کی بات ہوتی ہے ۔ ہم جو کام کررہے ہیں وہ نوازشریف کا ویژن ہے ۔ زہرہ ہومزکے الاٹیز کو کہنا چاہتی ہوں یہ گھر رہتی زندگی تک آپ کا ہے ۔
وزیر اعلیٰ نے کہا پنجاب میں 22لاکھ خاندانوں کے پاس اپنا گھر نہیں ہے ۔ ایک سال کے اندر ایک لاکھ خاندانوں کو گھر فراہم کیے جائیں گے۔ ایک سے 10مرلے کا پلاٹ رکھنے والوں کو15 لاکھ روپے تک بلا سود آسان شرائط پرقرض دے رہے ہیں۔ الحمد للہ مہینوں میں اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام فنکشنل کر دیا ہے ۔ پنجاب کے 37اضلاع میں اپنی چھت، اپنا گھر سکیم سے ہزاروں گھر زیر تعمیر ہے ، کچھ تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی چھت، اپنا گھرپروگرام سے بننے والے پہلے پانچ گھروں میں فرنیچر بطور گفٹ فراہم کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے کہا بہت جلد ایسی سکیم لارہے ہیں جس میں مستحق افراد کوگھربنانے کے لئے مفت رہائشی پلاٹ دیں گے ۔ ہزاروں مستحق اور نادار افراد کو تین مرلہ کا پلاٹ دیں گے ۔ انہوں نے کہا کوئی شخص کسی بھی پراجیکٹ میں سفارش کا الزام نہیں لگا سکتا ،میرے دل و دماغ میں کسی شہر یا لوگوں کے لئے کوئی تفریق موجود نہیں۔مریم نواز نے کہا 25 الیکٹرک بسیں کراچی پورٹ پر پہنچ چکی ہیں۔500بسوں کا آرڈر کر دیا ہے ، نئے روٹس بنائے جائیں گے ۔آنے والے دنوں میں مزید پراجیکٹ لارہے ہیں۔دریں اثنا علم و یقین کا قافلہ بہاولپور پہنچ گیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور بغداد الجدید کیمپس میں بہاولپور ڈویژن کے طلبہ میں ہونہار سکالر شپ کے چیک تقسیم کئے ۔
وزیراعلیٰ تقریب میں موجود طلبہ میں گھل مل گئیں۔ انہوں نے برٹش جونیئر چیمپئن شپ انڈر 13 جیتنے والے سکواش کھلاڑی سہیل عدنان کو ساتھ بٹھا لیااور50لاکھ روپے کا انعامی چیک بھی دیا۔وزیراعلیٰ طلبہ کے درمیان بیٹھ گئیں اور بات چیت کی۔تقریب میں شریک طالبات نے پرجوش نعرے لگائے ۔ طالبہ کی جذباتی سرائیکی تقریر سے آنکھیں نم ہو گئیں، وزیر اعلیٰ نے اپنی سیٹ پر بٹھا لیا۔ مریم نواز نے طلبہ کی درخواست پر ان کے ساتھ ملکر قومی ترانہ پیش کیا۔وزیراعلیٰ کی ہدایت پر طلبہ کے اعزاز میں گارڈ آف آنرپیش کیاگیا۔ مریم نوازنے خود ملی نغمہ پیش کرنے والے بچوں کی ویڈیو فوٹیج بنائی۔تقریب میں ہونہار ایوارڈ کے بارے میں ڈاکومنٹری پیش کی گئی۔ بہاولپور ڈویژن کے 3011 طلبہ کو 17 کروڑ 32 لاکھ روپے کے سکالر شپ دئیے گئے ۔وزیراعلیٰ نے اسلامیہ یونیورسٹی کے اساتذہ کو بھی خراج تحسین پیش کیا اورمبارکباد دی۔وزیر اعلیٰ کو تقریب میں پہنچنے پر بہاولپور کی روایتی چنری پیش کی گئی۔بچیوں نے وزیر اعلیٰ کو بریسلٹ ،کی چین اور دیگر تحفے پیش کئے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے سیکنڈ اور تھرڈایئر طلبہ کے لئے سکالر شپ سکیم تیار کرنے کی ہدایت کی اور طلبہ کو اگلے سال سے ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس اور لیپ ٹاپ سکیم کے جلد آغاز کااعلان کیا۔