شمالی وزیرستان:سکیورٹی فورسز کا آپریشن،4خوارج ہلاک
راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر،سٹاف رپورٹر، نامہ نگار،وقائع نگار)سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے سپین وام میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے خوارج کے ٹھکانے کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 خوارج ہلاک ہوگئے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا،ہلاک خارجی دہشتگرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہے ۔آئی ایس پی آر نے کہا سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں مزید خوارج کے خاتمے کے لیے آپریشن کلین اپ جاری ہے ، پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے ناسور کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔صدرآصف علی زرداری اوروزیراعظم شہبازشریف نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے ،دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتنہ خوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہادہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دیتے ہیں۔