جون تک بجلی سستی، مسابقتی مارکیٹ متعارف کرا رہے :سیکرٹری پاور

اسلام آباد (نامہ نگار) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کو آگاہ کیاگیاکہ11 تقسیم کار کمپنیوں میں سے 9 کی مرحلہ وار نجکاری کی جائے گی، 30 ستمبر کو 5 آئی پی پیز کو مکمل بند کر دیئے۔۔۔
جس سے 411ارب روپے، 8 بگاس آئی پی پیز کا ریٹ ڈالر سے روپے میں کرنے سے 238ارب روپے بچت ہو گی، جون تک بجلی کی قیمت میں بڑی کمی لانے پر کام کر رہے ، ملک میں مسابقتی مارکیٹ متعارف کرا رہے ہیں۔ چیئرمین کمیٹی محسن عزیز کی زیر صدارت اجلاس میں سیکرٹری پاور نے بریفنگ میں بتایا این ٹی ڈی سی کو تین اداروں میں تقسیم کیا جا رہا، آئندہ پاور سیکٹر میں کسی منصوبے کی اضافی لاگت بجلی صارفین سے نہیں لی جائے گی۔ این ٹی ڈی سی اصلاحات کیلئے بورڈ کو مارچ تک کی ڈیڈ لائن ہے ، بورڈ سفارشات دے گا۔ انڈیپنڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر کے ذریعے لوگ آپس میں سودے کر سکیں گے ، جس کو جہاں سے سستی بجلی ملے گی وہ خرید سکے گا۔ رکن کمیٹی شبلی فراز نے کہا بتایا جائے سولر کی وجہ سے کتنے لوگ آف گرڈ ہوچکے ۔ وزیر توانائی نے خطے میں سستی بجلی دینے کا لفظ استعمال کیا وضاحت دیں کیسے کہہ رہے ہیں ۔صرف لوگوں کو خوش کرنے کا اعلان یا کچھ حقیقت ہے ۔ سیکرٹر ی پاور نے کہا جون تک بجلی کی قیمت میں بڑی کمی لانے پر کام کر رہے ۔ 5 آئی پی پیز بند کرنے سے 411 ارب اور 8 بگاس پلانٹس کا ریٹ ڈالر سے روپے میں کرنے سے 238 ارب روپے بچت ہوگی۔ کابینہ نے مزید 15 آئی پی پیز کے معاہدوں کی نظر ثانی کی منظوری دی جس سے 802 ارب روپے ریلیف ملے گا۔ سیکرٹری پاور نے بتایا پہلے مرحلے میں آئیسکو ، فیسکو اور گیپکو کی نجکاری پر کام جاری ہے ،دوسرے فیز میں لیسکو ، میپکو اور حیزکو ، تیسرے مرحلے میں حیسکو، سیپکو اور پیسکو کی نجکاری کی جائے گی۔ ٹیسکو اور قیسکو کی نجکاری نہیں ہو گی۔