لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سرفراز ڈوگر کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ مقرر کرنیکا فیصلہ
لاہور (محمد اشفاق سے ) لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ،جسٹس سرفراز ڈوگر نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ٹرانسفر کے لیے آمادگی ظاہر کر دی۔
جسٹس سرفراز ڈوگر کو پہلے مرحلے میں اسلام آباد ہائیکورٹ کا جج تعینات کیا جائے گا ،صدر مملکت آئین کے آرٹیکل 200 کے تحت جسٹس سرفراز ڈوگر کے لاہور ہائیکورٹ سے اسلام آباد ہائیکورٹ تبادلے کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے ، ممکنہ تبادلے کے بعد جسٹس سرفراز ڈوگر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سینئر ترین جج ہونگے اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق کی سپریم کورٹ میں ممکنہ تعیناتی کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کے اگلے چیف جسٹس کیلئے زیر غور لائے جائیں گے کیونکہ 26ویں ترمیم کے بعد کسی بھی ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی تعیناتی کیلئے 3 سینئر ججوں کے ناموں پر غور کیا جاتا ہے ۔ غالب امکان ہے کہ جسٹس سرفراز ڈوگر ہی اسلام آباد ہائیکورٹ کے اگلے چیف جسٹس ہوں ،جسٹس سرفراز ڈوگر کے لاہور ہائیکورٹ سے فراغت کیلئے تمام انتظامی معاملات کو حتمی شکل دیدی گئی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سرفراز ڈوگر کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ 2 جولائی 2030 ہے ۔