چینی 153 روپے کلو،یوٹیلیٹی سٹورز پر بھی قیمت میں اضافہ،ہفتے میں 13 اشیا مہنگی

اسلام آباد(آئی این پی)ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کر دی ، گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.21 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ مہنگائی کی سالانہ شرح 1.02 فیصد کی کم سطح پر آ گئی ۔۔۔
ایک ہفتے کے دوران چینی سمیت 13 اشیا ئے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ، 16 کی قیمتوں میں کمی اور22 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ برائلر مرغی 17 روپے 75 پیسے فی کلو سستی جبکہ عام مارکیٹ میں چینی 2.68 روپے کلو مہنگی ہوئی ۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی مزید 5روپے کلو مہنگی ہو گئی ۔ ملک میں چینی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری رہا، ایک ہفتے میں ملک میں چینی کی قیمت 153 روپے 11 پیسے فی کلو پر پہنچ چکی ۔حالیہ ہفتے انڈے 4 روپے 38 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے ،لہسن 3روپے 5 پیسے ، جلانے والی لکڑی 3 روپے فی من ، باسمتی چاول، 390 گرام دودھ کے پیکٹ سمیت دیگر اشیا بھی مہنگی ہوئیں ۔ ٹماٹر 7 روپے 94 پیسے ،آلو4 روپے 39 پیسے ، پیاز 4روپے 19 پیسے ، برائلر مرغی 17 روپے 75 پیسے ، دال چنا 6 روپے 11 پیسے ، دال ماش 4 روپے فی کلو ، بیس کلو آٹے کا تھیلا 5روپے 16 پیسے ، ڈھائی کلو گھی کا ٹن 3روپے 26 پیسے سستا ہوا۔ان کے علاوہ انڈے ، ایل پی جی کا سلنڈر اور دال مسور کی قیمت میں بھی کمی آئی ۔علاوہ ازیں یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی کی قیمت میں 5 روپے فی کلو کا مزید اضافہ کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی کی قیمت 145روپے سے بڑھ کر 150روپے فی کلو کردی گئی ہے ۔ڈیڑھ ہفتے قبل یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی کی قیمت 140روپے فی کلو مقرر تھی۔