دوران ڈیوٹی واش روم جانے پر ڈی سی کا ملازم پر تشدد

 دوران ڈیوٹی واش روم جانے پر ڈی سی کا ملازم پر تشدد

شیخوپورہ(نمائندہ دنیا)ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ نے میونسپل کمیٹی میں درجہ چہارم کے ملازم کو واش روم جانے پر سرعام تھپڑ رسیدکئے ،گھونسے ،ٹھڈے مارے اور گالم گلوچ کے بعدپولیس کو گرفتار کرنے کا حکم دیدیا۔

بعدازاں تصدیق کے بعد کہ مذکورہ ملازم دوران ڈیوٹی واش روم گیا تھا اسے دوبارہ کام کرنے کا حکم دیکر وہاں سے چلے گئے ۔ حساس اداروں نے ڈی سی کے رویہ کی رپورٹس اعلیٰ حکام کو بھجوادیں۔ ڈی سی شیخوپورہ نے میونسپل کمیٹی میں قائم نگہبان رمضان راشن پروگرام کے سلسلہ میں کاؤنٹر کا اچانک دورہ کیا تو خواتین کا رش دیکھ کر غصہ میں آگئے ،کاؤنٹر کے باہر ٹوکن دینے والے ملازم کو ڈھونڈنے لگے اسی دوران پہلے بغیر تصدیق ایک نوجوان کو ڈانٹ پلادی جب اس نے کہا میں ملازم نہیں ہوں تو پھر اسی نام کے دوسرے نوجوان کو پولیس کے حوالے کروادیا، اس نے بھی کہامیں ملازم نہیں ہوں ، اسی دوران ذوالفقار نامی درجہ چہارم کا ملازم آگیا جسے دیکھتے ہی ڈی سی آگ بگولا ہوگئے اورمارپیٹ شروع کردی اور اسے حوالہ پولیس کا حکم جاری کیا، اس نے بتایا کہ وہ واش روم گیا تھا تو پھر نیا حکم دیا کہ اسے چھوڑ دو، بعدازاں دو افسروں کو بلواکر باقی غصہ نکالا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں