اسلام آباد، راولپنڈی ،کشمیراور پختونخوا میں زلزلے کے شدید جھٹکے
اسلام آباد (دنیا نیوز، نیوز ایجنسیاں) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی سمیت آزادکشمیر اور خیبر پختونخوا کے علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلے سے شہریوں میں خوف پھیل گیا اور وہ لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں سے باہر نکل آئے ، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 4.8ریکارڈ کی گئی اور مرکز راولپنڈی سے 8کلو میٹر دور جبکہ زیر زمین گہرائی 17کلو میٹر تھی۔ کسی جگہ سے جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ زلزلے کے جھٹکے مری اور گردو نواح جبکہ آزاد کشمیر میں بلوچ، دھیرکوٹ، سماہنی، بھمبر اور دھیر کوٹ سمیت دیگر علاقوں میں محسوس کیے گئے ۔ خیبر پختونخوا میں سوات، پشاور، ایبٹ آباد، ملاکنڈ سمیت دیگر علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ۔