خوارج کی سوچ مسلط نہیں ہونے دینگے : فسادی جہاد نہیں کررہے، یہ دین سے دور ہیں، اسلام نے عورت کو عزت دی تم چھیننے والے کون ہوتے ہو : آرمی چیف

خوارج کی سوچ مسلط نہیں ہونے دینگے : فسادی جہاد نہیں کررہے، یہ دین سے دور ہیں، اسلام نے عورت کو عزت دی تم چھیننے والے کون ہوتے ہو : آرمی چیف

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، اے پی پی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ خوارج کی اقدار، سوچ مسلط نہیں ہونے دینگے، یہ کس شریعت ، دین کی بات کرتے ہیں ،فسادی جہاد نہیں کر رہے ،یہ دین سے دور ہیں۔۔۔

 اسلام نے عورت کو عزت دی تم چھیننے والے کون ہوتے ہو، جب تک قوم اور بالخصوص نوجوان پاک فوج کے پیچھے کھڑے ہیں تو پاک فوج کو کوئی کبھی شکست نہیں دے سکے گا، خارجی اسلام کی غلط تشریح کر رہے ہیں جو اسلام میں جائز نہیں، پاک فوج فتنہ الخوارج کے خلاف لڑ رہی ہے ، قرآن پاک میں بھی اﷲاور اس کے رسول ؐ سے جنگ کرنے والوں کے خلاف جہاد کا حکم دیا گیا ، ان کے بارے میں آخرت میں بھی سخت عذاب کی وعید ہے ، اسلام دنیا کا واحد اور پہلا مذہب ہے جس نے عورت کو عزت واحترام دیا، عورت کی عزت وتکریم کو کوئی نہیں چھین سکتا، اس طرح کے کسی گمراہ گروہ کو پاکستان پر اپنی اقدار مسلط کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ آرمی چیف عاصم منیر نے یہ گفتگو 12 فروری کو ملک بھر کی جامعات سے آئے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کی تھی آئی ایس پی آر نے اس کی مزید تفصیلات جاری کیں ۔ آرمی چیف نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں سے گفتگو ہمیشہ انتہائی خوشی کی بات ہے ، ہم جب بھی آپ سے گفتگو کرتے ہیں تو یہ اس حقیقت کی غمازی ہے کہ مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک قوم پاک فوج کے پیچھے کھڑی ہے خصوصا نوجوان پاک فوج کے پیچھے کھڑے ہیں اور جب تک ہمارے اندر قربانی کا یہ جذبہ موجود ہے تو پاک فوج کو کوئی کبھی شکست نہیں دے سکے گا۔

آرمی چیف نے کہا کہ ہم کامریڈز کی طرح لڑتے ہیں اور جب ہم لڑ رہے ہوتے ہیں تو ہمیں کوئی پتہ نہیں ہوتا کہ کون پختون ہے ، کون بلوچی اور کون پٹھان ہے ۔ جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہم بس کامریڈز اور ساتھیوں کی طرح لڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے پاکستانیت ہی سب کچھ ہے کہ ہم سب پاکستانی ہیں اور ہم پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج آج کل فسادیوں ، فتنہ الخوارج کے ساتھ لڑ رہی ہے ۔ فسادی جہاد نہیں کر رہے ہیں بلکہ یہ خارجی ہیں جو دین سے دور ہیں ، ان کے پاس اسلام کی اپنی غلط تشریح ہے جو اسلام میں جائز نہیں ۔ آرمی چیف نے کہا کہ ان کے بارے میں اﷲتعالی ٰکے احکامات یہ ہیں کہ جو اﷲاور رسولؐ سے جنگ کرتے ہیں ، اور زمین پر فساد برپا کرتے ہیں ، ان کوقتل کر دو۔ انہوں نے قرآن پاک کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید میں فرمایا گیا ہے کہ ان کو پھانسی پر لٹکا دو ، یا مختلف سمتوں سے ان کے ہاتھ پاؤں کاٹ دو، یا اپنی زمین سے ان کو دربدر کردو، یہ ان کے لئے دنیا کے اندر سزا ہے اور آخرت میں ان کو بڑا عذاب دیا جائے گا۔

انہوں نے قرآن پاک کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جو اس سے بچنا چاہتے ہیں ان کیلئے اﷲتعالٰی نے صرف ایک گنجائش رکھی ہے اس سے پہلے کہ تم ان کو پکڑ لو ،اس سے پہلے کہ وہ تائب ہو جائیں، آپ کے سامنے تسلیم کر لیں ، تو پھر ان کو پتا ہونا چاہئے کہ اﷲتعالیٰ بہت غفور ورحیم ہے ۔ انہوں نے خوارج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے آپ کو ریاست کے سامنے سرنڈر کر دیں، تب وہ ریاست سے رحم کی توقع کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بنیاد پر آرمی آج بھی ہر روز فتنہ الخوارج کے خلاف لڑ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم مذہب کی ان کی تشریح سے متفق نہیں ہیں۔دنیا بھر میں اسلام وہ پہلا مذہب ہے جس نے عورت چاہے وہ ماں ہو ، یا بیوی ہو یا بہن ہو،کو عزت دی اور اس کی عزت واحترام کو بلند کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عورت کو کسی بھی کردار میں زیادہ سے زیادہ عزت ہمارے مذہب نے دی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں