وفاقی کا بینہ میں بڑا اضافہ:12وفاقی وزرا،9وزرائے مملکت نے حلف اٹھا لیا 3وزرا ٹریفک جام کے باعث نہ پہنچ سکے،3نئے مشیروں،4معاونین خصوصی کی بھی تعیناتی
اسلام آباد( سٹاف رپورٹر/خصوصی نیوز رپورٹر) وفاقی کابینہ میں بڑا اضافہ کردیا گیا ، 12وفاقی وزرا، 9وزرا مملکت نے حلف اٹھا لیا جبکہ 3وزرا ٹریفک جام کے باعث ایوان صدر نہ پہنچ سکے، وزیر اعظم نے 3نئے مشیروں اور 4معاونین خصوصی کی تعیناتی کی منظوری بھی دیدی ، 12وفاقی وزرا، 9وزرائے مملکت کے حلف اٹھانے کے بعد کابینہ ارکان کی تعداد 49ہوگئی۔
کا بینہ ڈویژن نے نئے وزراء وزرا مملکت ،مشیران اور معاونین خصوصی کے الگ الگ نوٹیفکیشن بھی جاری کر د ئیے ۔ حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی ، صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزرا سے حلف لیا۔ حلف اٹھانے والے وفاقی وزرا میں طارق فضل چودھری ، حنیف عباسی، معین وٹو،مصطفی کمال،سردار یوسف، اورنگزیب کچھی، رانا مبشر، رضا حیات ہراج ، علی پرویزملک،شزا فاطمہ،جنید انور اور خالد مگسی شامل ہیں ۔ طلال چودھری ، بیرسٹرعقیل ملک، ملک رشید، کھیئل داس کوہستانی، عبدالر حمن کانجو، بلال اظہرکیانی، مختار بھرت،عون چودھری اور وجیہہ قمر نے بطور وزیرمملکت حلف اٹھایا۔حلف برداری کی تقریب میں وفاقی وزرا اور نئے وزرا کے اہل خانہ اور قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی ، ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے تین وزرا وقت پرنہ پہنچنے کے باعث حلف نہ اٹھا سکے ان میں ایک وفاقی وزیر اور 2 وزرائے مملکت شامل ہیں ۔عمران شاہ نے وفاقی وزیر جبکہ شذرہ منصب اور ارمغان سبحانی نے وزیرمملکت کا حلف اٹھانا تھا ، کابینہ میں تین نئے مشیر بھی شامل کئے گئے ۔
ان میں پرویز خٹک، توقیر شاہ اور محمد علی شامل ہیں ، جبکہ ہارون اختر ، حذیفہ رحمان، مبارک زیب اور طلحہ برکی کو وزیراعظم کا معاون خصوصی مقرر کیا گیا ۔حلف برداری کے بعد وفاقی وزرا کی تعداد 31 ،وزرائے مملکت کی تعداد 11 ہوگئی اس کے علاوہ 3 نئے مشیروں کے بعد کابینہ میں 4 مشیر اور 3 معاون خصوصی ہیں ۔نئے وزرا سے حلف کے بعد کابینہ کی مجموعی تعداد 49 ہوگئی ۔سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن کی جانب سے وفاقی وزرا اور وزرائے مملکت کا حلف اٹھانے والے ارکان قومی اسمبلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ۔علی پرویزملک ،شزا فاطمہ خواجہ کو وزیر مملکت سے وفاقی وزیر بنایا گیا۔وزرا کے پورٹ فولیو (قلمدان)کے حوالے سے ابھی تک نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا ۔وزیر اعظم کی طرف سے سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک سمیت تین مشیروں کی تقرری کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے انکی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
جن مشیروں کا تقرر عمل میں لایا گیا ان میں پرویز خٹک ، محمد علی اور ڈاکٹر سید توقیر حسین شاہ شامل ہیں ، ان تینوں کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہو گا ، محمد علی ایڈوائزر کے عہدے پر تقرری سے قبل وزیر اعظم کے معاون خصوصی تھے ، مشیر کے عہدے پر تقرری کے بعد ان سے معاون خصوصی کا عہدہ واپس لے لیا گیا ، وزیر اعظم کی جانب سے 4 معاو نین خصوصی کی تقرری منظوری کے بعد نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ، ان معاونین خصوصی میں ہارون اختر ، حذیفہ رحمان ، مبارک زیب اور طلحہ برکی شامل ہیں ،ان معاونین خصوصی کا عہدہ وزیر مملکت کے برابر ہو گا ۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے نئے وزرا سے انگریزی میں حلف لیا۔تقریب میں رضا حیات ہراج حلف اٹھانے والے واحد وزیر تھے جنہوں نے شیروانی زیب تن کر رکھی تھی ۔ حنیف عباسی نے لال ٹائی نہ لگانے کے سوال پر کہا کہ ‘‘لا ئٹ گرے ’’ٹائی کسی کی خواہش پر پہن کر آیا ہوں۔ تقریب میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی شرکت ،وزیر اعظم ، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق شریک نہیں ہوئے ۔