مریم،نواز شریف کی خزانے سے تشہیر ،فریقین سے جواب طلب
لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری خزانے سے وزیراعلیٰ مریم نواز اور نواز شریف کی تشہیر کیخلاف درخواست پر ڈی جی پی آر پنجاب سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرکے 2 ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔
جسٹس فاروق حیدر نے شہری اشبا کامران کی درخواست پر سماعت کی ،چیف سیکرٹری پنجاب، ڈی جی پی آرسمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ مریم نواز نے اپنی اور والد کی ذاتی تشہیر کیلئے سرکاری خزانے کا بے دریغ استعمال کیا ۔ اگر نواز شریف اور مریم نواز منصوبوں کے ذریعے تشہیر چاہتے ہیں تو اپنے پیسوں سے پراجیکٹ بنائیں۔ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق سرکاری پراجیکٹ پر سیاستدانوں کی تصاویر اور نام نہیں لگایا جاسکتا۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ مریم نواز اور نواز شریف کی تشہیر کیلئے جاری رقم کی معلومات فراہم کی جائیں۔ پبلک فنڈڈ پراجیکٹس سے مریم نواز اور نواز شریف کے نام اور تصاویر ہٹائی جائیں۔