اے پی سی بھی بلا لیں ، عملی وقت آئیگا تو کچھ نہیں ہو گا:تھنک ٹینک
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ) تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ اگر آل پارٹیز کانفرنس بھی ہوجاتی ہے تو اس میں قرادداد یں بھی منظور ہو جائیں گی لیکن جب عملی وقت آئے گا، اس میں کچھ نہیں ہوگا۔
دنیا نیوز کے پروگرام تھنک ٹینک میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اس کی وجہ یہ ہے کہ ن لیگ ساراالزام پی ٹی آئی پر ڈالتی ہے اور پی ٹی آئی سارا الزام ن لیگ پر ڈالتی ہے ،آل پارٹیز کانفرنس بلانے کی بجائے اس معاملے کو قومی اسمبلی میں زیر بحث لانا چاہئے ۔دنیا نیوز کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا کہ بیرسٹر گوہر ہمیشہ آئین قانون کی بات کرتے ہیں،انہوں نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا ایشو پاکستا ن کا ایشو ہے ،اس ایشو پرہم سب کے ساتھ ہیں،اس وقت آل پارٹیز کانفرنس بلانا ضروری ہے ،اگر وہ اس پر اصرار کرتے ہیں کہ اس میں عمران خان کو بلانا چاہئے تو عمران خان کو بلانے لینے میں کوئی حرج نہیں ۔ تجزیہ کار ڈاکٹر رسول بخش رئیس نے کہا ہے کہ داخلی انتشار عوام نہیں ہے ،یہ انتشار ہماری سیاسی جماعتوں میں ہے ،کبھی پی پی پی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے خراب حالات کی ذمہ دار ہم ہیں۔ تجزیہ کار مظہر عباس نے کہا ہے کہ اسمبلی میں جو تقاریر ہوئی اس میں یہ کہیں ذکر نہیں کیا گیا کہ بلوچستان میں علیحدگی کے اٹھنے کی آوازیں کیوں شروع ہو گئی؟،ان کو چاہئے کہ پہلے بلوچستان کی صورتحال کو سمجھیں،بلوچستان کے سیاسی لوگوں سے گفتگو شروع کی جائے ۔