وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے امتحانی نتائج کا اعلان کر دیا

کراچی (سٹاف رپورٹر) وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے سالانہ امتحان 1446ھ مطابق 2025ء کے نتائج کا اعلان کر دیا۔
نتائج کا اعلان وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے صدر شیخ الحدیث مفتی محمد تقی عثمانی اور ناظم اعلیٰ وفاق مولانا حنیف جالندھری نے 15 رمضان المبارک بروزاتوار جامعہ دارالعلوم کراچی میں کیا۔ سالانہ امتحانات میں طلبہ و طالبات کی تعداد مجموعی طورپر 6,32,520تھی، جن میں سے 6,05,884 نے شرکت کی۔ 5,07,250 پاس ہوئے اور 98,634 نا کام ہوئے ۔مجموعی نتیجہ 83.7 فیصد رہا۔صدر وفاق اورناظم اعلیٰ وفاق نے نتائج کو شاندار قرار دیتے ہوئے کامیاب ہونے والے تمام طلبہ و طالبات اور خا ص طور پرنمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے مدارس و جامعات اور طلبہ و طالبات کو مبارک باد پیش کی اور ان کی مزید ترقی و کامیابی کے لئے دعا کی۔ انہوں نے اس موقع پر دفتر وفاق المدارس کے جملہ کارکنان کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں شبانہ روز محنت کے ساتھ امتحانات کے پر وقار انعقاد اور انتہائی محنت وجانفشانی کے ساتھ مختصر ترین وقت میں شفاف نتائج کی تیاری پر خراج تحسین پیش کیا۔ صوبائی پوزیشنیں اور تفصیلی نتائج وفاق کی ویب سائٹ پر ملاحظہ کیے جا سکتے ہیں۔