میرپور ماتھیلو:پی پی ایم پی اے پرحملہ، دو گارڈز جاں بحق

 میرپور ماتھیلو:پی پی ایم پی اے  پرحملہ، دو گارڈز جاں بحق

میرپور ماتھیلوکراچی(نمائندہ دنیا، اسٹاف رپورٹر)میرپور ماتھیلو میں پیپلز پارٹی کے ایم پی اے جام مہتاب حسین ڈھر پر مسلح افراد کا قاتلانہ حملہ، فائرنگ کے نتیجے میں دو گارڈز جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔

ایم پی اے جام مہتاب حسین معجزانہ طور پر محفوظ رہے ، حملے کا الزام سابقہ ایم پی اے شہریار شر پر عائد کر دیا۔تفصیلات کے مطابق کھینجو تھانے کی حدود میں زرعی زمینوں پر جاتے ہوئے ایم پی اے جام مہتاب حسین ڈھر کی گاڑی پر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی،فائرنگ کے نتیجے میں گارڈز ظفر ڈھر اور اختر پٹھان موقع پر جاں بحق ہوگئے ، جبکہ ایم پی اے کے قریبی ساتھی اسد شاہ سمیت دو افراد شدید زخمی ہوگئے ۔زخمیوں کو تشویشناک حالت میں رحیم یار خان منتقل کر دیا گیا، جہاں ڈاکٹرز کے مطابق اسد شاہ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے ، جنہیں چار گولیاں لگیں۔علاوہ ازیں پریس کانفرنس میں ایم پی اے جام مہتاب حسین ڈھر نے الزام عائد کیا کہ حملہ شہریار شر کی ایما پر کیا گیا، انہیں پہلے سے حملے کی اطلاع مل چکی تھی۔انہوں نے کہا کہ شہریار شر ایک ہیڈ منی کرمنل ہے جسے سیاست میں لایا گیا اور اب یہ کھلے عام حملے کروا رہا ہے ۔واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل رونتی کچے میں شہریار شر کی گاڑی پر بھی حملہ ہوا تھا،جس میں وہ محفوظ رہے ، مگر ان کے ساتھی جاں بحق ہوگئے تھے ۔ مختصر عرصے میں گھوٹکی میں یہ دوسرا بڑا حملہ ہے ، جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے ایم پی اے جام مہتاب حسین ڈھر کے قافلے پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے کو امن و امان خراب کرنے کی سازش قرار دیا ہے ۔ اپنے بیان میں نثار کھوڑو نے فائرنگ واقعے میں دو افراد کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس و قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے میں ملوث ملزموں کو فوری طور پرگرفتار کریں۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں امن و امان کو خراب کرنے کی سازش کسی صورت کامیاب نہیں ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں