بلوچستان میں مسائل کا حل سیاسی عسکری نہیں:سردار اختر جان مینگل

بلوچستان میں مسائل کا حل سیاسی عسکری نہیں:سردار اختر جان مینگل

کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان سردار اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسائل کا حل سیاسی ہے، عسکری نہیں، اسمبلیوں میں ہماری بات نہیں سنی جاتی اسی وجہ سے اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دیا۔

 ریاست کو اپنی پالیسی بدلنا ہوگی ،قوم پرست جماعتیں آل پارٹیز کا حصہ بنیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا جب تک ریاست اور حکمران اپنا رویہ تبدیل نہیں کرینگے ،اس وقت تک کوئی بات نہیں کرے گا۔ حالات کی بہتری اور سنگینی کا ادراک کرنے کیلئے موثر اقدامات نہیں اٹھائے جاتے ،پہلے کچھ چیزیں سنبھل سکتی تھیں لیکن سیاسی پارٹیاں اپنے مقصد اور منشور کو دفن کرکے کرسی پر براجمان ہوگئیں، ہمیں کچھ نہیں ، عزت چاہئے اور ہمیں اپنے وسائل پر دسترس ہونی چاہئے ،حکمران وسائل کی لوٹ مار میں لگے ہوئے ہیں ۔ ہم نے چھ نکات عدلیہ کے سامنے رکھے ان پر عملدرآمد نہیں کیا گیا بلکہ ان کو شیخ مجیب نکات سے تشبیہ دی گئی حالانکہ یہ تمام نکات آئین و قانون کے دائرہ کار میں تھے ۔لاپتا افراد سے کوئی غلطی ہوئی تو عدالتوں میں پیش کرکے منظر عام پر لایا جائے ۔ ہماری آواز کو برداشت نہیں کیا جارہا اس وجہ سے ہمیں اسمبلیوں سے باہر رکھا گیاہے ۔ عدلیہ اور حکومتیں یرغمال بنی ہوئی ہیں تو لاپتا افراد کا مسئلہ کیسے حل ہوگا ۔ بلوچستان کی کوئی شاہراہ اوررکن اسمبلی محفوظ نہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں