ججہ گینگ پکڑنے والے اہلکاروں کیلئے 10،10لاکھ کا انعام

ججہ گینگ پکڑنے والے اہلکاروں کیلئے 10،10لاکھ کا انعام

اسلام آباد،لاہور(نامہ نگار،سیاسی رپورٹر ،دنیانیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ انسانی سمگلنگ کا کالا دھندہ مکمل طور پر بند ہونا چاہئے ، تارکین وطن کی کشتیاں ڈوبنے کے واقعات سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، ملک کی نیک نامی پر حرف آیا۔

وزیراعظم سے ایف آئی اے اورآئی بی کے افسروں کی گزشتہ رو ز ملاقات ہوئی،وزیرِ اعظم نے انسانی سمگلنگ میں ملوث ججہ گروہ کے سرغنہ عثمان ججہ کی گرفتاری پر ایف آئی اے اور انٹیلی جنس بیورو کے افسروں و اہلکاروں کی پذیرائی کی اورانہیں 10، 10 لاکھ روپے انعام اورشیلڈزدیں ۔ عثمان ججہ گزشتہ برس یونان کشی حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی اموات کے ذمہ داروں کے مرکزی کرداروں میں سے ایک ہے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ انسانی سمگلرز کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے ادارے اپنی کارروائیاں مزید تیز کریں ، پوری قوم انسانی سمگلنگ کیخلاف کارروائی میں اداروں کیساتھ کھڑی ہے ۔دریں اثنا شہباز شریف سے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیجسلیٹو ڈ یویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپرنسی کے بورڈ ارکان مجیب الرحمٰن شامی, شاہد حامد اور احمد بلال محبوب نے ملاقات کی اورپلڈاٹ کے امور کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیرمملکت برائے اوورسیزپاکستانیز عون چودھری بھی گزشتہ روز وزیراعظم سے ملے ،شہبازشریف نے انہیں وزارت کے متعلق اہم ٹاسک دیا۔ ملاقات میں ملکی و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں