حافظ حسین احمد طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے

حافظ حسین احمد طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے

لاہور ،اسلام آباد(سیاسی نمائندہ، نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک،اے پی پی)سینئرسیاستدان اورجے یوآئی (ف) کے سابق مرکزی سیکرٹری اطلاعات، سابق رکن قومی اسمبلی و سابق سینیٹر حافظ حسین احمد طویل علالت کے بعد74 برس کی عمر میں کوئٹہ میں انتقال کر گئے۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

مرحوم کے بیٹے منیر احمد کا کہنا ہے کہ نماز جنازہ اور تدفین کا اعلان بعد میں کیاجائے گا۔ مرحوم گردوں کے عارضہ میں مبتلا رہے ،ہفتے میں دوروز ان کا ڈائیلسز ہورہا تھا ۔ وہ 1951 میں کوئٹہ کے دینی گھرانے میں پیدا ہوئے ۔ ابتدائی تعلیم قرآن، حدیث، فقہ اور عربی ادب میں حاصل کی۔ درسِ نظامی ،حفظِ قرآن کی اسناد رکھتے تھے ، سیاسی کیریئر کا آغاز 1973 میں بلوچستان سے کیا۔ بعد ازاں قومی سطح پر جے یوآئی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ وہ دو مرتبہ 1988 سے 1990 اور 2002 سے 2007 تک قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ، مارچ 1991 سے مارچ 1994 تک سینیٹ کے رکن رہے ۔ وہ نیشنل الائنس کے اہم رہنماؤں میں بھی شمار ہوتے تھے اور متحدہ مجلس عمل کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کے طور پر خدمات انجام دے چکے تھے ۔ انہوں نے قومی سیاست میں اپنی بذلہ سنجی ،حاضر جوابی و دلیری کی بدولت نمایاں مقام پیدا کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے حافظ حسین احمد کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی بلندی درجات اور اہلخانہ کیلئے صبر کی دعا ہے ۔وزیر اعظم نے کہا دکھ کی گھڑی میں پوری قوم کی ہمدردیاں مرحوم کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں، وہ مدبر سیاستدان تھے ۔ جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ،پنجاب کے امیر مولانا محمود میاں، سیکرٹری جنرل حافظ نصیر احرار، صوبائی ترجمان حافظ غضنفر عزیز، مولانا صفی اللہ، مولانا یحیی عباسی، زکریا شاہ، مولانا جمال عبدالناصر، مولانا سعید الرحمن سرور، مولانا عامر فاروق، نور خان ایڈووکیٹ، مفتی شاہد مسعود، حافظ تنویر مدنی، مولانا عبدالمجید توحیدی ودیگر سیاسی وسماجی شخصیات نے انکے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا قوم عظیم اور نڈر و بے باک رہنما سے محروم ہوگئی ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں