فلسطین پراسرائیلی جارحیت کے خلاف ملک بھر میں یوم احتجاج مظاہرے ،ریلیاں

فلسطین پراسرائیلی جارحیت کے خلاف ملک بھر میں یوم احتجاج مظاہرے ،ریلیاں

لاہور،اسلام آباد(سیاسی نمائند ہ ،اپنے رپورٹر سے ،مانیٹرنگ ڈیسک)غزہ میں امریکی تعاون سے جاری اسرائیلی دہشت گردی اور فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف گزشتہ روز ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

مختلف شہروں میں نماز جمعہ کے بعد جماعت اسلامی ،جمعیت علما اسلام ،مرکزی مسلم لیگ ،تحریک لبیک پاکستان اور دیگر سیاسی ومذہبی جماعتوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کئے گئے ،جس میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شریک ہوکر اپنا پر امن احتجاج ریکارڈ کرایا۔لاہور میں جماعت اسلامی کے تحت مسجد شہدا سے امریکی سفارت خانے تک مارچ کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شریک ہوکر امریکا اور اسرائیلی دہشت گردی کی پر زور مذمت کی۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے لاہور میں امریکی سفارت خانہ کے باہر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی پشت پناہی سے غزہ میں جاری اسرائیلی سفاکیت پر مسلمان حکمرانوں کی خاموشی ظلم میں شرکت کے مترادف ہے ، حکومت اسرائیل کو واشنگٹن کی جاری حمایت پر خاموش رہی تو آئندہ احتجاج امریکی سفارت خانہ کے اندر ہو گا۔ وزیراعظم سعودی عرب میں ہیں، امید ہے امریکا اور اسرائیل کی مذمت میں مشترکہ اعلامیہ جاری ہو گا۔ افسوس کہ مسئلہ فلسطین پر حکومت کے ساتھ ساتھ اپوزیشن بھی خاموش ہے ، سب پارٹیاں ٹرمپ کی خوشنودی کے حصول کیلئے دوڑ میں لگی ہیں، ن لیگ، پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی امریکا کی مذمت کریں۔ 

 مسلمان حکمرانوں کو فلسطین کی حمایت میں سامنے آ کر بیان دینا چاہئے ، سوشل میڈیا پر پاکستانی صحافیوں کے اسرائیل جانے کی رپورٹس گردش کر رہی ہیں، حکومت اس پر موقف قوم کے سامنے رکھے ، صہیونیوں سے سازباز کر کے فلسطینیوں کے خون کا سودا کیا گیا تو قوم حکمرانوں کو نشان عبرت بنا دے گی۔ اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے ، اہل فلسطین کے حق میں تمام بڑے شہروں میں ملین مارچ کی کال دیں گے ، قوم تیار رہے ۔ امیر جماعت اسلامی کی کال پر ملک بھر میں اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی اور غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف ریلیاں، مارچز اور مظاہروں کا انعقاد ہوا۔ اسلام آباد، کراچی، پشاور، راولپنڈی، کوئٹہ میں امریکی سفارت خانہ اور قونصلیٹ کے باہر مظاہرے ہوئے ، مساجد میں اہل فلسطین کے حق میں خصوصی دعائیں کی گئیں۔ ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے علما اکیڈمی لاہورمیں خطبہ جمعہ کے بعد اہل فلسطین کے حق میں خصوصی دعا کرائی۔مرکزی رہنما جماعت اسلامی راشد نسیم نے پی آئی اے سوسائٹی مسجد عمر فاروق میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کیا ۔بنوں میں امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر ابراہیم نے مظاہرے سے خطاب کیا۔ اسلام آباد میں آبپارہ میں احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔

جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی اپیل پر ملک بھر میں اسرائیل کی درندگی اور بربریت کے خلاف یوم احتجاج کے موقع پر مساجد اور مدارس میں جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام نے کہا کہ پوری دنیا کے امن کو اسرائیل برباد کرنے پر تلا ہوا ہے ،عالم اسلام کو متحد ہو کر اس کی درندگی اور دہشت گردی کا منہ توڑ جواب دینا ہوگا ۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام بھی ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا، سحر و افطار کے موقع پر مختلف شہروں میں کانفرنسز اورسیمینارز کا انعقاد کیا گیا۔تحریک لبیک پا کستان کے زیر اہتمام فلسطین غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف لاہورمیں سربراہ حافظ سعد حسین رضوی کی قیادت میں داتا دربار سے پنجاب اسمبلی ہال چوک تک لبیک یا اقصیٰ مارچ نکالا گیا۔ سعد حسین رضوی نے مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے حمایت کردہ اسلامی ممالک کو اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنی چا ہئے اور اپنی آنکھیں کھلی رکھنی چاہئے تاکہ ان کی ناقص فکر امت مسلمہ کے اجتماعی کاز کو متاثر نہ کر سکے ، مظلوم اور محصور فلسطینیوں کے ساتھ پوری دنیا کے مسلمان کھڑے ہیں ،تمام ممالک مل کر اسرائیل کو متفقہ طور پر سب سے بڑا دنیا کے امن کے لئے خطرہ، وحشی جانور اور دہشت گرد قرار دیں۔حیدرآباد میں بھی تحریک لبیک پاکستان کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں