پی ٹی آئی سمیت ہر جماعت سے بات کرنے کو تیار ہیں، رانا تنویر

لاہور،شرقپور شریف،مریدکے (نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام کے لیے پی ٹی آئی سمیت ہر جماعت سے بات کرنے کو تیار ہیں۔۔۔
جبکہ پی ٹی آئی چاہے تو قومی اسمبلی کی سکیورٹی کمیٹی کا اجلاس دوبارہ بلا سکتے ہیں۔شیخوپورہ کی تحصیل مریدکے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر نے کہا کہ ہم جمہوری لوگ ہیں اس لیے پی ٹی آئی سمیت ہر جماعت سے بات کرنے کو تیار ہیں، جبکہ سیاسی استحکام آجائے تو پاکستان بہت ترقی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کہتے ہیں کہ حکومت سے نہیں اسٹیبلشمنٹ سے بات ہوگی، اسٹیبلشمنٹ کئی بار کہہ چکی سیاسی لوگوں سے بات کریں۔ایک سوال پر رانا تنویر حسین نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن زیرک سیاستدان ہیں اور وہ کسی انتشار کا حصہ نہیں بنیں گے ۔ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ جعفر ایکسپریس اور دیگر دہشت گردی واقعات پر افغانستان سے رابطے میں ہیں، افغانستان سے کہہ دیا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سمیت کسی دہشت گرد گروپ کی سرپرستی نہ کرے ، جبکہ بات چیت سے مسئلہ حل نہ ہوا تو سختی سے کام لیں گے ۔انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان کو جیل میں 6 کمروں پر مشتمل گھر ملا ہوا ہے ، من پسند سہولیات مل رہی ہیں، پی ٹی آئی والے بے بنیاد باتیں پھیلا رہے ہیں۔