نیپرا :بجلی1.71روپے سستی کرنے کی درخواست پر سماعت مکمل
اسلام آباد(نامہ نگار،آن لائن)نیپرا نے ملک بھر کے لیے بجلی ایک روپے 71 پیسے سستی کرنے کی درخواست کی سماعت مکمل کرلی ، اتھارٹی اعدادوشمار کاجائزہ لینے کے بعد فیصلہ جاری کرے گی۔
دوسری طرف کراچی کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے کے الیکٹرک نے نیپرا میں فروری2025ء کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی درخواست جمع کرا دی، جس میں 6 روپے 62 پیسے فی یونٹ کمی مانگی گئی ہے ،کے الیکٹرک کی درخواست کے مطابق اس کمی سے 6 ارب 66 کروڑ 20 لاکھ روپے بنتے ہیں۔ ملک بھر کیلئے بجلی ایک روپے 71 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی حکومتی درخواست کی سماعت چیئرمین نیپرا وسیم مختار کی زیر صدارت ہوئی ۔سماعت کے دوران پاور ڈویژن حکام نے کہاکہ تین ماہ کیلئے صارفین کو بلز میں ریلیف ملے گا،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے سے 58 ارب کی بچت ہوگی، تین ماہ میں اس کا ریلیف ٹیرف میں فرق ختم کرکے صارفین کو دینگے ۔سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں 12ارب 5 آئی پی پیز کے معاہدوں کی بچت کے شامل ہیں۔ آئی پی پیز سے بچت کو سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں ہی ریلیف ملے گا۔ٹیرف میں فرق کو کم کرنے کیلئے وفاقی حکومت 266ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے ، مزید ٹیرف میں فرق کی سبسڈی شامل کرکے رقم 324ارب روپے تک پہنچ جائے گی۔ چیئرمین نیپرا نے کہاکہ کل کوارٹرلی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ریلیف دیا ہے ۔ ایف سی اے کی مد میں ایک روپے 36پیسے کی کمی کی گئی ہے ۔ ایک روپے اکہتر پیسے پر سماعت کر رہے ہیں۔ عوام کو 5روپے تین یا چار پیسے کا فوری ریلیف مل جائے گا۔تیسری کوارٹرز ایڈجسٹمنٹ کی درخواست اپریل کے دوسرے ہفتے آنا شروع ہو جائے گی۔ پاور ڈویژن حکا م نے کہاکہ وزیراعظم کی اعلان کردہ قیمت میں کمی معاشی صورتحال سے مشروط ہے ۔معاشی صورتحال بہتررہنے تک صارفین کو ریلیف ملتا رہے گا۔