اداروں کیلئے جزاوسزا کا تصور اپنانا ہوگا:وزیراعظم
اسلام آباد(نامہ نگار،اے پی پی) وزیر اعظم شہباز شریف نے ایف بی آر کے افسروں کی کارکردگی جانچنے کے لئے خودکار، ڈیجیٹل نظام کا اجرا کر دیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا اداروں کیلئے جزا و سزا کا تصور اپنانا ہو گا،ایف بی آر میں جو اچھا کام کرے گا اسے انعام ملے گا۔
اچھا کام نہ کرنیوالے کو سزا ملے گی۔شہباز شریف نے ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔وزیر اعظم کو ڈیجیٹل انوائسنگ اور پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم کے حوالے سے بریفنگ کے ساتھ ساتھ ایف بی آر کے نئے ڈلیوری یونٹ کا دورہ اور افسروں سے ملاقات کرائی گئی۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا ایف بی آر میں ڈیٹا کی بنیاد پر فیصلہ سازی کا نظام متعارف کروایا جا رہا ہے ۔ایف بی آر کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے اور ٹیکس بیس میں اضافے کے لئے ایف بی آر جدید و خودکار نظام کے اطلاق کیلئے اقدمات کر رہا ہے ۔ ڈیجیٹل انوائسنگ کی تمام تر تیاریاں مکمل ہیں جس کا جلد اجرا کر دیا جائے گا۔
بریفنگ میں بتایا گیا رواں مالی سال کے لئے ٹیکس گوشواروں کو مزید آسان کر دیا گیا ہے ، نئے نظام کے تحت 35 سے زائد مزید کمپنیاں ٹیکس نظام میں شامل ہو گئی ہیں۔وزیر اعظم نے افسروں کی کارکردگی کی جانچ کے لئے مکمل طور پر خودکار اور ڈیجیٹل نظام کا اجراء بھی کیا۔ نظام کے تحت افسروں کی کارکردگی کی جانچ پڑتال کے بعد انہیں مالی فوائد اور ترقی میسر ہو سکے گی۔وزیر اعظم کو ایف بی آر کے نئے قائم کردہ ڈلیوری یونٹ کا دورہ بھی کروایا گیا جس میں افسروں سے ملاقات کے ساتھ وزیر اعظم نے نظام کا جائزہ بھی لیا۔ پر فارمنس مینجمنٹ سسٹم کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا قرضوں سے نجات حاصل کرنے کے لئے قومی آمدن بڑھاناہوگی،کارکردگی کے حوالے سے مختلف اداروں میں موجود سقم دور کرنا ہوں گے ،معاشرے اور اداروں کی بہتری کے لئے جزا اور سزا کے تصور کو اپنانا ہو گا ۔
وزیراعظم نے کہا اہم خدمات سرانجام دینے والوں کو وزیراعظم ہاؤس بلا کر شیلڈز اور مانیٹری ایوارڈ د ئیے جو ملک بھر کے تمام اداروں کیلئے حوصلہ افزائی ہے ۔ اسی طرح جو لوگ کام نہیں کریں گے انہیں سزا ہو گی۔ وزیراعظم نے ایف بی آر کو ہدایت کی وہ ٹیکس ادا کرنے والوں سے اچھا رویہ رکھیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نوٹیفائی کرے گا تاکہ ذاتی پسند و ناپسند کی بجائے کارکردگی کی بنیاد پر ملازمین کو صلہ ملے گا ۔دریں اثنائوزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے پاکستان کے دشمن ہماری معاشی کامیابیوں سے خائف ہیں، ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے ہمارا جہاد جاری رہے گا، دہشت گردوں کو ایسی عبرتناک شکست دیں گے کہ وہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکیں گے ۔
گزشتہ روز وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال پر اہم جائزہ اجلاس ہوا۔اس موقع پروزیر اعظم نے کہا دہشت گردی کے خلاف بھرپور اقدامات اور کارروائیوں کے حوالے سے تمام اداروں اور صوبوں کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔ وزیراعظم نے کہا ہمیں آپس کے تمام اختلافات بھلا کر دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مل کر کام کرنا ہے ،ہماری سکیورٹی فورسز کے بہادر جوان اور افسر دن رات دہشت گردوں سے نبرد آزما ہیں اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔وزیراعظم نے ہدایت کی سمگلنگ کے خلاف تمام ادارے اپنی کوششیں مزید تیز کریں، انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورک کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جائے اور سمگلروں کو قانون کے شکنجے میں لایاجائے ،ملک کے اہم شہروں میں سیف سٹی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے ۔
اجلاس کو ملک میں امن و امان کے قیام کے حوالے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔اجلاس میں وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ، محسن نقوی ، احد چیمہ ، عطاء اللہ تارڑ ، رانا ثنااللہ ، وزیر مملکت طلال چودھری ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف، چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چیف سیکرٹریز اور انسپکٹرز جنرل پولیس، چیف کمشنر اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری ، آئی جی اسلام آباد پولیس اور دیگر متعلقہ سرکاری اداروں کے افسروں نے شرکت کی۔شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے گندم کے کاشتکاروں کے لئے خصوصی پیکیج کے اعلان کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ ساڑھے 5 لاکھ کاشت کاروں کو براہ راست گندم سپورٹ فنڈ کے تحت 15 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری انتہائی خوش آئند قدم ہے ۔ پنجاب میں گندم کے کاشتکاروں کے لیے آبیانہ اور فکس ٹیکس میں بھی چھوٹ کاشتکاروں کے لئے ریلیف ہے ۔