جے یو آئی مجلس عمومی اجلاس شفاف انتخابات کا مطالبہ
لاہور(سیاسی نمائندہ)سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن کی زیرِ صدارت مرکزی مجلس عمومی کے دو روزہ اجلاس اختتام پزیر ہوگیا۔ جاری بیان کے مطابق اجلاس میں فیصلے کئے گئے کہ پارٹی فلسطینیوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت بھرپور انداز میں جاری رکھے گی۔
اس سلسلہ میں 27 اپریل کو لاہور، 11 مئی کو پشاور اور 15 مئی کو کوئٹہ میں شہدا غزہ ملین مارچ کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس قوم سے اہل غزہ کیلئے مالی مدد فراہم کرنے کی اپیل کرتا ہے ۔اجلاس نے اپنے پلیٹ فارم سے سیاسی جدوجہد جاری رکھنے کا فیصلہ کیا اور باقاعدہ کسی سیاسی اتحاد میں نہ جانے کا فیصلہ کیااجلاس امن وامان کی بدترین صورتحال کی مذمت کرتا ہے ۔ دھاندلی سے قائم مرکزی اور صوبائی حکومتیں عوام کے مسائل حل اور امن وامان کے قیام میں مکمل ناکام ہوچکی ہیں ۔جے یوآئی پرزور الفاظ میں از سرنو صاف اور شفاف انتخابات کے مطالبہ کا اعادہ کرتی ہے ۔ البتہ مشترکہ امور پر مختلف مذہبی اور پارلیمانی اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ جدوجہد کی حکمت عملی مرکزی مجلس شوریٰ یا مجلس عاملہ طے کرے گی۔اجلاس مائنز اینڈ منرلز بل کو مکمل مسترد کرتا ہے ۔ بلوچستان میں پارٹی کے جن ارکان اسمبلی نے اس بل پر ووٹ دیا ہے ان سے وضاحت طلب کی جائے گی اور انہیں باقاعدہ شوکاز نوٹس دیا جائے گا۔