بانی پی ٹی آئی کی نااہلی پر احتجاج ،ملزموں پر فردجرم عائد

بانی پی ٹی آئی کی نااہلی پر  احتجاج ،ملزموں پر فردجرم عائد

اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے)انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی نااہلی پر فیض آباد احتجاج پر درج مقدمہ میں ملزموں پر فردجرم عائد کرتے ہوئے گواہوں کو طلب کرلیا۔

گزشتہ روز سماعت کے دوران فیصل جاوید خان، عامر کیانی، واثق قیوم ودیگر ملزم عدالت میں پیش ہوئے اورپی ٹی آئی وکلاء کی جانب سے فرد جرم موخر کرنے کی استدعا کی گئی، عدالت نے راجہ راشد حفیظ کو 1 لاکھ کا مچلکہ جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ راشد حفیظ جب تک مچلکہ جمع نہیں کروائیں گے کورٹ روم نہیں چھوڑیں گے ، ملزموں کی جانب سے صحت جرم سے انکار کیاگیا، عدالت نے کیس کی اگلی سماعت پر استغاثہ کے گواہوں کو طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 12 مئی تک ملتوی کردی۔رہنما تحریک انصاف عالیہ حمزہ کی تھانہ ایئرپورٹ کے مقدمے میں درخواست ضمانت بعداز گرفتاری منظور کر لی گئی۔عدالت نے عالیہ حمزہ کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دیدیا۔انسداددہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے 26 نومبر احتجاج پر درج مقدمات میں پی ٹی آئی کے ممبران قومی اسمبلی ساجد خان، فضل محمد خان اور آصف خان کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔ عدالت نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت 5 مئی تک ملتوی کردی۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ناصرجاوید رانا کی عدالت نے 26 نومبر احتجاج پر درج مقدمات میں تھانہ رمنا کامقدمہ جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت سے دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست پر نوٹس جاری کردئیے ۔پی ٹی آئی وکلاء کی جانب سے دائر ٹرانسفر کی درخواست پر آئندہ سماعت 26 اپریل کو ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں