چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سے پی ٹی آئی رہنمائوں کی ملاقات

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سے پی ٹی آئی رہنمائوں کی ملاقات

اسلام آباد ، لاہور (اپنے نامہ نگارسے ، دنیا نیوز،کورٹ رپورٹر )بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا کیس معمہ بن گیا ،جیل ملاقات سے متعلق توہین عدالت کون سنے گا تاحال فیصلہ نہ ہو سکا ۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر سے ملاقات کی۔

 بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان ، ایم این اے علی محمد خان بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں موجود تھے ۔ قائم مقام چیف جسٹس کے چیمبر میں ملاقات 30 منٹ تک جاری رہی، چیئرمین پی ٹی آئی نے ملاقات کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنی تمام گزارشات چیف جسٹس کے سامنے رکھی ہیں، علیمہ خان نے تفصیل سے فیملی ملاقاتوں سے متعلق بتایا ہے ، انہیں بتایا ہے کہ کتنے عرصے سے ملاقات نہیں ہورہی ، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروانے کے لیے چیف جسٹس کو استدعا کی ہے ، چیف جسٹس سے ملاقات کے بعد ایک امید پیدا ہوگئی ، منگل کو بانی پی ٹی آئی سے فیملی اور وکلاء کی ملاقات ہو جائے گی۔بانی پی ٹی آئی عمران خان نے چیف جسٹس سپریم کورٹ کے نام خط لکھ دیا، پی ٹی آئی رہنماؤں نے یہ خط ان تک پہنچادیا، سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ یہ کھلا خط ہے جو عوام تک بھی پہنچ جائے گا۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان سپریم کورٹ پہنچ گئیں اور خط چیف جسٹس کے لیے حوالے کردیا، علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان نے جو خط لکھنے کا کہا تھا وہ خط پہنچانے آئی ہوں۔عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ بھی سپریم کورٹ پہنچے اور کہا کہ عمران خان سے ملاقاتوں سے متعلق خط چیمبر میں دیں گے ۔ چیف جسٹس پڑھ لیں گے ، اطلاعات ہیں کہ چیف جسٹس پاکستان یحیی آفریدی اور قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو عمران خان کی جانب سے لکھا گیا خط ارسال کردیا گیا۔خط بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر لکھا گیا ہے جس کا متن 10 صفحات پر مشتمل ہے ، خط میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف مقدمات کا حوالہ دیا گیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں