سڑکوں کو تجاوزات سے پاک کرنے کیلئے بائی لاز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے : مریم نواز

لاہور(سٹاف رپورٹر)پنجاب میں تاریخ کا رابطہ سڑ کوں کی بحالی کا سب سے بڑا پروگرام کامیابی سے جاری ہے، وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیرِ صدارت اجلاس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو نے ہر ڈویژن اور ڈسٹرکٹ کے روڈ پراجیکٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں اگلے مالی سال میں انٹر ڈسٹرکٹ اور انٹر ویلج روڈ کی تعمیر و بحالی کی تجویز کاجائزہ لیا گیا۔ وزیراعلٰی ٰنے عوام کی ضرورت اور استعمال کو مد نظر رکھتے ہوئے روڈز پراجیکٹ کی ترجیحات مقرر کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ سڑکوں اور روڈز سائیڈ کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لئے بائی لاز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔اجلاس کے شرکا کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ460روڈ کی تعمیر و توسیع اور بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے ۔ قائد اعظم انٹر چینج تا واہگہ بارڈر روڑ کی تعمیر مکمل کر لیا گیا اور ڈرین اور وال کی تعمیر جاری ہے ۔ ملتان وہاڑی دو رویہ روڈ پراجیکٹ کی ایکنک نے منظوری دے دی جبکہ ایڈیشنل کیرج وے کی تعمیر جاری ہے ۔ مری میں روڈز کی تعمیر و بحالی کے تمام پراجیکٹس کو مکمل کر لیا گیا۔اجلاس میں روڈز کی عمومی چوڑائی12 فٹ رکھنے کی تجویز پر اتفاق رائے قائم کیا گیا۔ شہروں اور دیہات میں یکساں طرز کی ٹف ٹائل لگانے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ ساڑھے 18 کلومیٹر روڈ پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا۔ لیہ بھکر کو موٹروے سے منسلک کرنے کے لئے ایکسپریس وے پراجیکٹ کے لئے فیزیبلیٹی سٹڈی رپورٹ طلب کرلی گئی جبکہ کھاریاں راولپنڈی ایکسپریس روڈ پراجیکٹ پر غور کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے ورک پلیس پر تحفظ اور صحت یقینی بنانے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہرورکر کو محفوظ اور صحت مند ماحول کی فراہمی بنیادی حق ہے ،محفوظ ورک پلیس معیشت کی ترقی اور خوشحال معاشرے کی بنیاد بھی ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں ورکرز کی عزت،صحت، تحفظ اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ،صنعتی ادارے اور کام کرنے والے ورکرزکی حفاظتی اصولوں کی پابندی یقینی بنائیں۔