مظفرآباد ، کوٹلی اور مرید کے میں شہدا کی نماز جنازہ ادا
مظفرآباد، کالا شاہ کاکو (بیورو رپورٹ، نامہ نگار )مظفرآباد اور کوٹلی میں میزائل حملوں میں چھ شہدا کی نماز جنازہ ادا کر کے انہیں آبائی علاقوں میں سپر د خاک کر دیا گیا جبکہ مرید کے میں بھی 3شہدا کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
مظفرآباد میں مسجد بلال شوائی نالہ کے خادم اور دو دیگر معاونین کی نماز جنازہ کے ایچ خورشید سٹیڈیم میں ادا کر کے تدفین کیلئے نیلم اور راولاکوٹ روانہ کر دیا گیا۔کوٹلی میں دو بہن بھائی 19 سالہ مصباح موسیٰ اور 12 سالہ موسیٰ عمر کو بدھ کی رات بھارت میزائلوں سے شہید ہو گئے تھے ۔ دونوں کی نماز جنازہ میں ہزاروں افرادنے شرکت کی۔ بھارتی حملے میں مرید کے میں شہید ہونے والے 3 سکیورٹی گارڈزمیاں مالک، مدثر اور عالم کی نماز جنازہ رانا تنویر فٹ بال سٹیڈیم مریدکے میں ادا کی گئی جس میں چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب، کورکمانڈر لاہور سمیت اعلیٰ سول، ملٹری، پولیس اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔نماز جنازہ کے بعد ہزاروں شرکا پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد کے نعرے بلند کرتے رہے ۔