جنگ کا پہلا مرحلہ سر کر لیا،میز پر نہیں ہارنا چاہیے ، حافظ نعیم
لاہور(سٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے جنگ بندی کی اطلاعات پرسوشل میڈیا ایکس پر ٹوئٹ اور اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو بڑی کامیابی ملی ہے ، ثابت ہوگیا اسلام، ایمان اور جذبہ جہاد ہی قوم کو متحد اور افواج کو قوت فراہم کرسکتے ہیں۔
پاکستان کو اب بھارت پر برتری حاصل ہوچکی ہے ، جنگ کا پہلا مرحلہ کامیابی سے سر کر لیا ،اُمید ہے کہ حکومت اب جیتی ہوئی جنگ مذاکرات کی میز پر نہیں ہارے گی۔ مسئلہ کشمیر پوری قوت سے اٹھایا جائے ، قوم کشمیر پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں کرے گی۔حکومت سیز فائر کیلئے ثالثوں کے سامنے 3 نکات رکھے ، مسئلہ کشمیر کو یواین قراردادوں کے مطابق حل، سندھ طاس معاہدہ پر عملدرآمد اور انڈیا کی جانب سے پاکستان میں مساجد، عورتوں اور بچوں پر حملے کی معافی مانگنے کے ہونے چاہئیں۔ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر دو ایٹمی ممالک میں امن نہیں ہو سکتا، بھارتی آبی جارحیت ختم کی جائے ،شرائط منوائے بغیر ہمیں دشمن سے کوئی معاہدہ نہیں کرنا چاہیے ۔انہوں نے اس امر پر مسرت کا اظہار کیا کہ آرمی چیف جہاد بارے بالکل واضح ہیں۔ انتشاری عناصر باز آ جائیں۔صحافیوں کے سوالات پرانہوں نے کہا جہاد اور دہشتگردی میں فرق ہے ، ماضی کے حکمرانوں نے اسکا فرق ختم کیا۔ جہاد ہماری فوج کا موٹو ہے ، جہاد نبی کریم کی سنت ہے ۔ انہوں نے کہا عمران خان بڑی جماعت کے سربراہ ہیں، حکومت کو ان سے بات کرنی چاہیے ، سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے ۔ سیاسی پارٹیوں کی قیادت امریکا کی اسرائیلی حمایت پر مذمت نہیں کرتی۔