پشاور میں دھماکا، 2 پولیس اہلکار شہید، 3 افراد زخمی
پشاور(اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک)پشاور کے علاقے تھانہ چمکنی کی حدود میں مال مویشی منڈی کے قریب پولیس موبائل پر دھماکے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دھماکا رنگ روڈ نہر کے کنارے اس وقت ہوا جب پولیس کی گشت پر مامور موبائل وہاں موجود تھی۔ دھماکے میں سب انسپکٹر لیئق زادہ خان اور کانسٹیبل عالمزیب موقع پر شہید جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے ۔ پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈ نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے ۔ٹی وی ذرائع کے مطابق دھماکاخودکش تھا ۔ایس ایس پی آپریشنز پشاور مسعود بنگش نے دھماکے کی تصدیق کی اور بتایا کہ دھماکا رنگ روڈ مال منڈی کے قریب ہوا جس میں پولیس موبائل کو نشانہ بنایا گیا،دھماکے کی نوعیت کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔