ایل او سی، ورکنگ بائونڈری پر گولہ باری، شہادتوں کی اطلاعات

ایل او سی، ورکنگ بائونڈری پر گولہ باری، شہادتوں کی اطلاعات

مظفرآباد (بیورو رپورٹ)جنگ بندی کے باوجودلائن آف کنٹرول اورورکنگ بائونڈری پر بھارتی جارحیت جاری ، ہفتہ اور اتوار کی شب گولہ باری سے مزید18 افراد شہید اور 60 سے زائد زخمی ہوگئے۔

سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق بھارتی گولہ باری اور میزائل حملوں میں شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 30 ہو گئی ہے ۔ تازہ حملوں میں بھارت نے آزاد کشمیر کے دو شہروں کو میزائلوں سے نشانہ بنایا، کئی سرحدی علاقوں میں شدید اور اندھا دھند گولہ باری کی گئی۔حکام کے مطابق شہری آبادی کو بھاری توپ خانے سے نشانہ بنایا گیا، بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔پونچھ کے علاقے عباس پور کی تحصیل چفار میں 26 سالہ اریشہ، اسکی 3 سالہ بیٹی ہادیہ اور 60 سالہ بزرگ رحمن جان شہیدہو گئے ۔کوٹلی میں تحصیل کھوئی رٹہ کے گاؤں بندلی میں 35 سالہ روبیلہ جاوید، تھلہ لاٹ میں 50 سالہ کنیز بیگم اور نکیال تحصیل کے گاؤں سیری تانگر میں 70 سالہ فاضل شہید ہوگئے ۔ ان علاقوں میں چار مرد اور دو خواتین زخمی بھی ہوئیں۔وادی نیلم کے بگنا گاؤں میں 20 سالہ علی بٹ زندگی ہار گیا۔ تین مرد اور دو خواتین زخمی ہوئے ۔ وادی جہلم میں تین مرد اور ایک بچہ زخمی ہوئے ۔ضلع حویلی میں بچے سمیت چار شہری زخمی ہوئے ۔بھمبر کی تحصیل برنالہ میں چھ افراد 18 سالہ جنید، 65 سالہ اللہ داد، 50 سالہ شاہمین، 15 سالہ نبیل، 18 سالہ مون شاہ اور اسکا 13 سالہ بھائی اعتزاز شاہ شہید جبکہ پانچ خواتین اور بچے سمیت 16 دیگر افراد زخمی ہوئے۔

ایک پولیس افسر نے تصدیق کی کہ سیز فائر کے باوجود بھارتی فورسز نے برنالہ، موئل، کوٹ جیمل، وٹلا، نند پور اور تھوب میں بھاری توپ خانے سے شدید گولہ باری کی ۔ ایک انتظامی افسر نے بھی گولہ باری کی تصدیق کی ۔ورکنگ بائونڈری پر رہائشی علاقوں بڑیلہ شریف ،جھنڈا آزاد کشمیر متیانوالہ پنج گرائیں ،بھسہ ،کوٹلی ودیگر مقامات پر بھارتی گولہ باری سے 2 معصوم بچوں سمیت 5 افرادشہید اور متعدد زخمی ہوگئے ،جانوروں کی ہلاکتیں بھی ہوئیں، کئی گھروں کو نقصان پہنچا۔ گولہ باری سے بڑیلہ شریف کی رہائشی حاجرہ دختر عارف ، ضیا ولد امانت ،نور دین ،10 سالہ ارتضیٰ شاہ 13 سالہ ہارون شاہ پسران حسن شاہ سکنہ آزاد کشمیر شہید جبکہ شازیہ زوجہ انتظار حسین، انتشا زوجہ سلیم ،بدرمنیر ولد حاجی اصغر، رخسانہ بی بی زوجہ اصغر عائشہ دختر حاجی اصغر زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں کو آر ایچ سی ٹانڈہ ہسپتال لایا گیا جبکہ دو زخمی خواتین کو عزیز بھٹی شہید ہسپتال ریفر کر دیا گیا۔پاک فوج نے بھاری گولہ باری سے جواب دیکر دشمنوں کی توپوں کو خاموش کردیا۔سیز فائر کے باوجود انڈیا نے شام کو دوبارہ ڈرون بھیجے اور فائرنگ کا سلسلہ بھی شروع کردیا ،دو گولے بڑیلہ شریف کی حدود میں گرے جس سے نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہ ہوئی ۔آر ایچ سی ہسپتال ٹانڈہ میں ایمرجنسی ڈکلیئر کرکے متاثرہ مریضوں کا علاج معالجہ شروع کردیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں