بانی پی ٹی آئی کو رہا کر کے اے پی سی بلائی جائے : حامد رضا
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)سنی اتحاد کونسل کے سربراہ اور چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق صاحبزاد ہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پاکستان ائیر فورس نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔
پوری قوم پاک فوج کے آپریشن بنیان مرصوص کی تائید و حمایت کرتی ہے ۔شہید ہونے والے عثمان یوسف قوم کے ہیرواور فخر ہیں۔ بھارت کی ریاستی دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کا جارحانہ جواب قومی امنگوں کا ترجمان ہے۔ سیاسی قیادت مل بیٹھ کر قومی یکجہتی کی فضا قائم کرے۔ بانی پی ٹی آئی کو رہا کرکے آل پارٹیز کانفرنس طلب کی جائے ۔ پاکستان نے اپنے دفاع میں بہترین جواب دیا ۔ مودی خطے کا سب سے بڑا دہشتگرد ہے ۔ بھارت کی کسی بھی جارجیت کا جواب دینا پاکستان کا حق ہے ۔ بھارت میں موجود دہشتگردوں کے کیمپ پاکستان میں شدت پسندانہ کار روائیوں میں ملوث ہیں۔ عالمی برادری بھارت کو سمجھائے وگرنہ ایٹمی جنگ سے دو ملک نہیں کئی ملک متاثر ہوں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کی مجلس عاملہ پنجاب کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ مودی کو پاکستان میں اپنی شادیوں پر بلانے والے قوم کو کیا منہ دکھائیں گے ۔ قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے بانی کی فوری رہائی ناگزیر ہے ۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی دہشتگرد ریاست ہے ۔