پاکستان کی فتح، اتحاد اور قربانیوں کا نتیجہ : عظمی ٰ بخاری
لاہور(این این آئی)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان کی دشمن کے خلاف فتح دراصل اتحاد، قربانی اور قیادت کے ویژن کی روشن علامت ہے۔
انہوں نے وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف، افواجِ پاکستان اور عسکری قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا، جنہوں نے ملکی سالمیت، خودداری اور دفاع کی خاطر ایک بار پھر تاریخ رقم کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ وہی بھارت جو پاکستان کو گھس کر مارنے کی دھمکیاں دیتا تھا، آج خود گھٹنوں کے بل آ چکا ہے ۔ پاکستان نے الفاظ نہیں، عمل سے جواب دیا ہے ۔وزیر اطلاعات نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی صرف فوج یا حکومت کی نہیں بلکہ پوری قوم کی یکجہتی، قربانی اور جذبہ حب الوطنی کا نتیجہ ہے ۔لاہور میں ناشتہ کرنے کے خواب دیکھنے والوں کو ہمارے شاہینوں نے مکمل ضیافت بھارت میں بھجوا دی۔ دشمن کی سوچ اور حکمتِ عملی کو پاکستانی افواج نے نہ صرف ناکام بنایا بلکہ اسے عالمی سطح پر ایک سبق بھی دیا۔