چینی ٹیکنالوجی کو کم نہ سمجھیں ،پاک بھارت جھڑپ کا واضح پیغام:امریکی جریدہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ممتاز امریکی دفاعی جریدے دی نیشنل انٹرسٹ نے پاک فوج کی برتری کو تسلیم کر لیا جو اس تاریخی کامیابی کا عالمی اعتراف ہے۔
جریدے نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ 7 مئی کو پاک بھارت افواج کی فضائی جھڑپ پاکستان کی واضح کامیابی پر ختم ہوئی ، پاک بھارت فضائی جھڑپ نے مغرب کو پیغام دیا ہے کہ چینی ٹیکنالوجی کو کم نہ سمجھا جائے ۔ بیشتر دفاعی ماہرین کا گمان تھا کہ عددی طاقت اور وسائل کی وجہ سے بھارت کا پلڑا بھاری رہے گا مگر 7 مئی کی فضائی جھڑپ میں پاکستان کی بالادستی سب کو نظر آئی ہے ۔ فضائی جھڑپ کے بعد پاکستان کی جانب سے بڑی کامیابیوں کے اعلانات کئے گئے ، جس کی بھارتی افواج کی جانب سے کوئی تردید نہیں کی گئی اور تردید نہ کرنے کی وجہ سے بھارت کی پوزیشن مشکوک ہوتی ہے ۔ پاکستان کی دفاعی طاقت اور عسکری حکمت عملی نے بھارت کے غرور کو خاک میں ملا دیا،دشمن کو سبق سکھانا پاک فوج خوب جانتی ہے، اور حالیہ فتح اس کی روشن مثال ہے ۔دی نیشنل انٹرسٹ کے مطابق پاکستان نے چین کے جے 10 سی طیاروں اور پی ایل 15 میزائلوں سے 5 بھارتی طیارے مار گرائے جن میں انتہائی مہنگے اور طاقتور سمجھے جانے والے فرانسیسی ساختہ 3 رافیل طیارے بھی شامل ہیں۔