ایئروائس مارشل اورنگزیب احمد پاکستان میں گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیت بن گئے
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد گزشتہ دنوں بھارت کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کے بعد پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے افراد میں سے ایک بن گئے ۔
گوگل ٹرینڈز کے مطابق 12 مئی کی رات 2 بجے اورنگزیب نام کی تلاش نے بلند ترین سطح پر پہنچ کر گزشتہ ہفتے کا ٹاپ پوائنٹ حاصل کیا، ایئر وائس مارشل کا مخصوص انداز ان کی مقبولیت کا سبب بنا۔اورنگزیب احمد اس وقت سوشل میڈیا پر موضوع گفتگو بنے جب انہوں نے نیوز بریفنگ کے دوران دلچسپ انداز میں گفتگو کی جبکہ صارفین کو ان کا مزاح سے بھرپور انداز بھی خوب پسند آیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل کلپ میں اورنگزیب یہ کہتے پائے گئے ہیں کہ جہاں سے پچھلے روز چھوڑی تھی، وہیں سے بات شروع کروں گا یعنی پی اے ایف بمقابلہ آئی اے ایف مقابلہ چھ صفر سے ہمارے حق میں رہا۔ مذکورہ بیان پاکستان کے ہاتھوں بھارتی فضائیہ کے 6 طیاروں کی تباہی کے لیے دیا گیا تھا جن میں 3 رافیل، ایک SU-30، ایک MiG-29، اور ایک ڈرون شامل تھے ۔یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ بھارت میں تلاش کی جانے والی مقبول اصطلاحات 'Ceasefire meaning' سب سے زیادہ تلاش کی جانے والی اصطلاح رہی جسے ایک کروڑ سے زائد بار سرچ کیا گیا۔