آئی ایم ایف مذاکرات،ٹیکس ہدف 14ہزار305ارب مقرر

آئی ایم ایف مذاکرات،ٹیکس ہدف 14ہزار305ارب مقرر

اسلام آباد (مدثرعلی رانا)آئندہ مالی سال 2025-26 کیلئے ٹیکس آمدن کا ہدف 14 ہزار 305 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے ، بجٹ کیلئے ورچوئلی میٹنگز کے دوران آئی ایم ایف اور وزیرخزانہ اورنگزیب کی زیرقیادت معاشی ٹیم کے ہدف مقرر کرنے پر مذاکرات ہوئے ۔

 ذرائع کے مطابق نئے بجٹ میں ٹیکس ہدف پورا کرنے کیلئے پالیسی اور انفورسمنٹ  اقدامات کئے جائیں گے ۔ آئی ایم ایف کیساتھ ورکنگ کے دوران یہ ٹارگٹ طے کیا گیا جو جی ڈی پی کا 11 فیصد ہو گا۔ رواں مالی سال کی نسبت آئندہ مالی سال ٹیکس بلحاظ جی ڈی پی تناسب میں اعشاریہ 5 فیصد کا اضافہ ہو گا ۔ رواں مالی سال یہ ہدف 10.6 فیصد تھا، ورچوئل مذاکرات میں طے پایا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے دوران پرائمری بیلنس کا ہدف حاصل کیا جائے گا جو آئندہ مالی سال کیلئے 1.6 فیصد مقرر کیا گیا ہے ، رواں مالی سال کیلئے 2.1 فیصد پرائمری بیلنس کا ہدف مقرر ہے ۔ آئی ایم ایف کے تخمینے کے مطابق آئندہ مالی سال گروتھ اور مہنگائی کے باعث ریونیو کلیکشن 13 ہزار 275 ارب روپے تک رہ سکتی ہے جبکہ یہ کلیکشن کیلئے کوئی پالیسی یا انفورسمنٹ اقدامات کی ضرورت نہیں ، باقی 1030 ارب روپے سے زائد انفورسمنٹ اور پالیسی اقدامات سے اکٹھے کئے جا سکتے ہیں۔ آئی ایم ایف وفد نے تمباکو، بیوریجز اور رئیل سٹیٹ سیکٹر کو دستاویزی بنانے کا مطالبہ کیا ، آئی ایم ایف وفد نے مطالبہ کیا کہ عدالتوں میں پھنسے ٹیکس کیسز کو جلد کلیئر کیا جائے ۔آئی ایم ایف کیساتھ آج بھی ورچوئل مذاکرات جاری رہیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں