وفاقی وزرا کی متحدہ رہنماؤں سے ملاقات، ترقیاتی پیکیج پر گفتگو
کراچی(سٹاف رپورٹر)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ افواج پاکستان نے بتادیا ہے کہ ہمارا دفاع مضبوط ہے، ہم نے اب پاکستان کی معیشت مستحکم کرنی ہے، امید ہے آئندہ برس ہم آئی ایم ایف پروگرام سے نجات حاصل کرلیں گے۔
وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان معاشی مشکلات سے نکل آیا ہے ،آئندہ بجٹ میں عام آدمی کو خوشخبری ملے گی۔ایم کیوایم پاکستان کے مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کے فور منصوبہ دسمبر 2026 میں مکمل ہوجائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو گورنر ہاؤس میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ وفاقی حکومت کے وفد کی قیادت وزیراعظم کے مشیر سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کی،وفد میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری اور وزیر پٹرولیم شامل تھے ۔ ایم کیوایم پاکستان کے وفد کی قیادت پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کی۔ایم کیو ایم کے وفد میں ڈاکٹر فاروق ستار،نسرین جلیل، امین الحق، جاوید حنیف، حفیظ الدین ایڈووکیٹ اور فیصل سبزواری شامل تھے ۔ ملاقات میں آئندہ مالی سال کی بجٹ سفارشات، تاجروں کے مسائل ،کراچی حیدرآباد سمیت شہری علاقوں کے ترقیاتی منصوبوں اور فنڈز پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں کراچی کے ترقیاتی پیکیج،کے فور اور دیگر منصوبوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ ایم کیو ایم کے وفد نے بجٹ اور دیگر امور پر اپنی سفارشات ن لیگی وفد کو پیش کیں۔ وفاقی حکومت کے وفد نے ایم کیوایم کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی ۔ملاقات میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر مسلح افواج کے سربراہان ، افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ملکی سلامتی کے لیے پوری قوم پاک فوج کے ساتھ ہے۔