پی ٹی آئی کا کل ہائیکورٹ سے الیکشن کمیشن تک مارچ

اسلام آباد(آئی این پی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کے درمیان تلخیاں ختم کردی گئیں،پی ٹی آئی کل بدھ کو ہائیکورٹ سے الیکشن کمیشن تک مارچ کرے گی، شرکت نہ کرنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کو شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں گے۔
پیر کو اسلام آباد میں پی ٹی آئی کا ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت پارٹی کی سینئر قیادت نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پی ٹی آئی کے بانی کی تینوں بہنیں اور قانونی ٹیم کے وکلا بھی موجود تھے ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں علیمہ خان اور علی امین گنڈاپور کے درمیان موجود تلخیوں کو ختم کروا دیا گیا۔ اس موقع پر علیمہ خان نے کہا کہ ہم سیاست میں نہیں ہیں، لیکن ہمارا بھائی جیل میں ہے ۔ ہم اپنے بھائی کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے ۔ اجلاس میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے مہم تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق بانی کے کیسز کی قانونی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور یہ ہدایت جاری کی گئی کہ تمام پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز عدالتی سماعت کے دن عدالت میں موجود ہوں۔اجلاس میں موجود قیادت نے اس بات پر زور دیا کہ پارٹی کو دوبارہ منظم کیا جائے اور بانی کی رہائی کیلئے قانونی، سیاسی اور عوامی محاذ پر بھرپور طریقے سے آواز اٹھائی جائے۔