پنجاب اسمبلی :ارکان،سیکرٹریز کی غیر سنجیدگی پرحکومت کوسُبکی

پنجاب اسمبلی :ارکان،سیکرٹریز کی غیر سنجیدگی پرحکومت کوسُبکی

لاہور(سیاسی نمائندہ)پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں وزرا،حکومتی ارکان اور سیکرٹریز کی غیر سنجیدگی پرحکومت کو سُبکی کا سامنا کرنا پڑا ،اپوزیشن ارکان اسمبلی نے ایوان میں وزرا کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کیا، کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس آج دوپہر تک ملتوی کر دیا گیا۔

اسمبلی کا اجلاس50منٹ تاخیر سے پینل آف چیئر مین راحیلہ خادم کی زیر صدارت شروع ہوا۔ صوبائی وزیر مجتبیٰ شجاع الرحمن نے محکمہ خزانہ بارے سوالوں کے جواب دئیے ، اجلاس کی کارروائی میں غیر سنجیدگی کا یہ عالم تھا کہ صرف ایک رکن امجد جاوید کے سوالوں کے جواب دئیے گئے ۔باقی تمام سوالات ارکان کی غیر موجودگی پرنمٹا دئیے گئے ، توجہ دلاؤ وٹس کا جواب دینے کیلئے کوئی وزیر بھی ایوان میں موجود نہ تھا ۔مجتبیٰ شجاع الرحمن بھی وقفہ سوالات کے فوری بعد ایوان سے چلے گئے ۔ اپوزیشن رکن رانا آفتاب اور رانا شہباز نے وزر ااور پارلیمانی سیکرٹریز کی عدم موجودگی پر پینل آف چیئرپرسن کی توجہ دلائی اورکہاکہ اجلاس کیلئے کوئی سنجیدہ نہیں لہذا اجلاس آدھا گھنٹے ملتوی کیا جائے ۔ اس دوران اپوزیشن رکن رانا شہباز نے نعرے بازی شروع کردی کہ ‘‘مودی کا جو یار ہے غدار ہے غدار ہے ’’۔حکومت نے فرانزک سائنس ایجنسی پنجاب کی سالانہ کارکردگی رپورٹس برائے سال 2013-2023ایوان میں پیش کر دی ۔اپوزیشن کی بات نہ سننے پر وقاص مان نے کورم کی نشاندہی کر ڈالی، کورم پورا نہ ہونے پر راحیلہ خادم نے 5منٹ تک گھنٹیاں بجانے کی ہدایت کی تاہم کورم پھر بھی پورا نہ ہو سکا جس پر اجلاس ملتوی کردیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں