گوہر،سلمان اکرم ،علی ظفر اور دوبہنوں کی عمران سے ملاقات
راولپنڈی (خبر نگار )چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان، سلمان اکرم راجہ ،سینیٹر علی ظفر اور دوبہنوں نورین نیازی اور عظمیٰ خان نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی، جبکہ ایک بہن علیمہ خان اور کزن قاسم زمان خان کو ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔
ملاقات کے بعد جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹرگوہرنے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے متعلق ہم مایوس نہیں ہیں،وہ جلد رہاہونگے ،سارے کیسزسیاسی ہیں اوروہ ناحق جیل میں ہیں ،ہم سمجھتے ہیں اب بہت ہوگیا کامن سینس پرویل کرنی چاہئے ، ہماری دعا ہے بانی اسی ہفتے رہا ہوں، ان ہاؤس تبدیلی ہمارے کارڈز پر نہیں نہ ایسا کوئی فیصلہ ہوا ہے ، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات کیلئے کبھی دروازہ بند نہیں کیا۔ بانی نے کہا فوج بھی میری ہے ملک بھی میرا ہے ۔ بانی نے کہا اتحاد رکھو اور الرٹ رہو،ہم ملک ، فوج اور قوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات بہت اچھی رہی ہے ، انہوں نے قومی یکجہتی کی بات کی ہے ۔بانی نے کہا پاکستان کو اس وقت اندرونی اتحاد کی ضرورت ہے ۔ بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ملاقات بہت اچھی رہی ،لگتا یہ ہے کہ بانی سے اب ملاقاتیں ہوتی رہیں گی۔ نورین نیازی نے کہا کہ ملاقات اچھی رہی، ملاقات کے بعد تینوں بہنوں کی مشاورت ہوئی اور پھر علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی نے کہا ہے کہ ن لیگ کے ساتھ کسی صورت بات نہیں ہوگی کیونکہ ن لیگ نے پاکستان کی اخلاقیات ختم کردی ہیں۔ 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد انصاف دفن ہوچکا ہے ۔