بلوچستان:رواں سال دہشتگردی کے 570واقعات ، 37ہزار411آپریشنز

بلوچستان:رواں سال دہشتگردی کے  570واقعات ، 37ہزار411آپریشنز

اسلام آباد (عدیل وڑائچ) دہشتگردوں کیخلاف یکم جنوری 2025 سے 22 مئی 2025 تک بلوچستان میں 37 ہزار 411 آپریشنز کئے گئے ۔ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں فی دن 253 آپریشنز کئے ۔

سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ رواں برس کے پہلے پانچ ماہ میں ہونے والے آپریشنز میں مائنر آپریشنز، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ،میجر آپریشنز اور ریٹریبیوشن یعنی دہشتگردی واقعات کے جواب میں کئے گئے آپریشنز شامل ہیں۔ فتنہ الہندوستان سمیت دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کیلئے کوئی نیا نہیں بلکہ اسی طرز پر آپریشن جاری رہے گا۔ بلوچستان میں 2024 کے دوران 57 ہزار سے زائد چھوٹے بڑے آپریشنز کئے گئے ۔ مئی 2025 تک بلوچستان میں دہشتگردی کے 570 واقعات ہوئے جبکہ 2024 میں 1023 واقعات ہوئے ۔ 2025 میں آپریشنز کے دوران 232 دہشتگرد مارے گئے اور 59 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، جبکہ 2024 میں ان آپریشنز کے دوران اور دہشتگردی کے واقعات میں 78 جوان شہید جبکہ 282 دہشتگرد ہلاک ہوئے ۔ گزشتہ سال 2024 میں گرفتار یا ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی تعداد 947 ہے مگر ان میں سے صرف 10 دہشتگردوں کو ہی سزا ہو سکی، 70 فیصد یعنی 655 گرفتار دہشتگردوں کو عدالتوں نے رہا کر دیا۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتوں سے دہشتگردوں کو ملنے والی سزاؤں کی شرح تشویشناک حد تک کم ہے اور اس حوالے سے قانون سازی وقت کا تقاضا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں