سینیٹ:سول کورٹس ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور
اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے ، نیوز ایجنسیاں) سینیٹ نے سول کورٹس ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور کر لیا ،جبکہ متعددبلز متعلقہ کمیٹیوں کے سپرد کردئیے گئے۔
اپوزیشن نے وقفہ سوالات کی معطلی پر اعتراض کیا۔ اپوزیشن لیڈر سینیٹر شبلی فراز نے وفاقی وزیر کی عدم موجودگی اور بل کی وضاحت نہ ہونے پر شدید اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ ڈاکخانہ بن چکا ، بل آتے ہیں فوراًپاس ہو جاتے ہیں ،وزیر مملکت کو یہ معلوم نہیں کہ بلز ہے کیا بلز کو وزیر قانون یا وزیر پارلیمانی امورکو پیش کرنا چاہیے تھا،پریذائیڈنگ آفیسر سینیٹر عرفان الحق صدیقی نے کہاکہ ہمیں قانون سازی کا راستہ نہیں روکنا چاہیے ،کمیٹی کی جانب سے بل کی رپورٹ موصول ہونے کے بعداس پر ایوان میں بحث ہونی چاہیے ۔بعد ازاں بل کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔ ایوان بالا میں ارکان نے سندھ طاس اور شملہ معاہدہ کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کے قانونی ماہرین پر مشتمل کمیٹی بنانے کی تجویز دی ،اپوزیشن اراکین نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر حکومت کو معذرت خواہانہ رویہ ترک کرکے انڈیا کے خلاف سخت ترین کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔