کراچی میں 4افراد کورونا وائرس سے جاں بحق
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں کم از کم چار افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو گئے ۔یہ تمام افراد معمر اور پہلے سے موجود طبی مسائل جیسے کمزور مدافعتی نظام کا شکار تھے ۔
تمام اموات نجی ہسپتال میں رپورٹ ہوئیں جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ ماہرین صحت نے اس موسم گرما میں کورونا کیسز میں اضافے کو ’’غیر معمولی‘‘ قرار دیا ہے کیونکہ عام طور پر اس موسم میں وائرس کی سرگرمی کم ہوتی ہے ۔ آغا خان ہسپتال کے ماہر متعدی امراض پروفیسر ڈاکٹر سید فیصل محمود کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر کورونا کے مریض داخل ہو رہے ہیں جو تشویشناک رجحان ہے ۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ عوام رش والے مقامات پر ماسک کا استعمال کریں ۔