پنجاب اسمبلی:بریسٹ کینسر کے علاج کی سہولتوں میں اضافہ کی قرارداد منظور،حکومتی بینچز خالی رہے
لاہور(سیاسی نمائندہ ، نیوز ایجنسیاں )پنجاب اسمبلی میں بریسٹ کینسر کے مریضوں کو سرکاری سطح پر علاج کی سہولتوں میں اضافے کی قرار داد منظور کرلی گئی۔ قرار داد ایوان میں اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر نے پیش کی۔ قرار داد کے متن کے مطابق پنجاب میں بریسٹ کینسر کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ۔
قرار داد کے مطابق اس مرض کی بروقت تشخیص اور علاج نہ ہونے سے اموات کا سلسلہ بھی بڑھ رہا ہے ۔ قرار داد کے متن کے مطابق پنجاب میں کینسر کے مریضوں کے لیے سرکاری سطح پر سہولتیں نہ ہونے کے برابر ہیں۔ پنجاب اسمبلی میں صوبے میں امن و امان اور 1930 کا قانون نافذ کرنے کیلئے بلائے گئے اجلاس میں حکومتی بینچز خالی رہے ۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو اپوزیشن بینچوں پر 20 کے قریب اراکین موجود تھے ۔اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر نے محکمہ داخلہ کے افسروں کی اجلاس میں عدم موجودگی پر سخت تنقید کرتے ہوئے سپیکر سے استدعا کی کہ محکمہ داخلہ کے افسروں کو فی الفور طلب کیا جائے ۔احمد خان بھچر نے کہا کہ امن و امان کے متعلق بحث کے موقع پر محکمہ داخلہ کا کوئی نمائندہ آفیشل گیلری میں موجود نہیں، ان کی عدم موجودگی کے باوجود ہم اجلاس کا بائیکاٹ نہیں کریں گے اور تقریریں کریں گے جو حکومت کیلئے خفگی کا باعث ہے ۔
وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے پنجاب اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی زیرنگرانی پاکستان نے بھارت کے خلاف \"بنیان مرصوص\" آپریشن کامیابی سے سر انجام دیا۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ \"میں ان لوگوں کو جواب دینا ضروری نہیں سمجھتی جو 9 مئی جیسے قومی سانحے کو فالس فلیگ آپریشن قرار دیتے ہیں۔علیمہ خان اور پی ٹی آئی رہنما مسلسل پاکستان فوج کے خلاف بیانیہ بناتے رہے اور جنگ جیسے حساس معاملے کو ڈرامہ قرار دیتے رہے ۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ \"جنگی حکمت عملی وزیراعظم نے پاک فوج اور نواز شریف سے مشاورت کے بعد ترتیب دی۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ \"جنگ ختم ہوئے ابھی 48 گھنٹے بھی نہیں گزرے اور ملک میں طوفانِ بدتمیزی برپا کر دیا گیا ہے ۔ جو لوگ آج اس کامیابی کا کریڈٹ لینے کی کوشش کر رہے ہیں، وہی کل اسے جعلی قرار دے رہے تھے ۔